پاکستان

اسلام آباد دھرنا:’عمران خان نے کالعدم تنظیموں سے مدد مانگی ہے‘

عمران خان تباہی اور انتشار کےمشن پر گامزن ہیں، لیگی رہنما

اسلام آباد: حکمراں جماعت مسلم لیگ (ن) کے رہنماؤں نے 2 نومبر کو اسلام آباد میں ہونے والے دھرنے سے متعلق چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان پر بڑا الزام عائد کرتے ہوئے کہا ہے کہ عمران خان نے انتشار پھیلانے کے لیے کالعدم تنظیموں کو دھرنے میں مسلح افراد لانے کا کہہ دیا ہے۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے لیگی رہنما دانیال عزیز نے الزام عائد کیا کہ عمران خان نے 2 نومبر کے لیے کالعدم تنظیموں کو مسلح افراد لانے کا کہا ہے اور اب اسلحہ کی تلاش میں ہیں۔

وزیر مملکت برائے کیڈ طارق فضل چوہدری نے بھی عمران خان پر الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ چیئرمین تحریک انصاف تباہی اور انتشار کےمشن پر گامزن ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: 2 نومبر کو نئے پاکستان کا فیصلہ ہوجائے گا:عمران خان

لیگی رہنماوں نے عمران خان پر مزید الزام عائد کیا کہ عمران خان بھارتی اور یہودی لابی کے لیے کام کرتے ہیں، ان کی شامیں رنگین ہوتی ہیں اور انہیں پتا ہی نہیں چلتا کونسی بات کہاں کرنی ہے۔

واضح رہے کہ پی ٹی آئی کے عمران خان نے حکومت کو پاناما لیکس کی تحقیقات کے حوالے سے ماہ محرم میں عاشورہ تک کا وقت دیا تھا جس کے بعد انھوں نے 2 نومبر کو اسلام آباد بند کرنے کا اعلان کیا تھا۔

مزید پڑھیں: پی ٹی آئی پر اسلحہ بردار تنظیموں سے مدد مانگنے کا الزام

سپریم کورٹ نے پاناما لیکس کے معاملے پر وزیراعظم کے خلاف دائر درخواستوں پر نواز شریف، وزیر خزانہ اسحاق ڈار، وزیراعظم کی صاحبزادی مریم نواز، داماد کیپٹن (ر) صفدر، بیٹوں حسن نواز، حسین نواز، ڈی جی فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی اے)، چیئرمین فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) اور اٹارنی جنرل سمیت تمام فریقین کو نوٹس جاری کیے تھے۔

تاہم عدالت میں پاناما لیکس کے حوالے سے درخواستوں کی سماعت کے باوجود دونوں جانب سے الزامات کا سلسلہ جاری ہے۔

یہ بھی پڑھیں: پاناما لیکس: وزیراعظم سمیت دیگر فریقین کو نوٹسز جاری

وزیر اعظم کی جانب سے سپریم کورٹ کی کارروائی کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا گیا کہ ’پاناما پیپرز کا معاملہ اب الیکشن کمیشن، لاہور ہائی کورٹ اور سپریم کورٹ کے سامنے لایا جا چکا ہے، عوام کی عدالت تو پے در پے فیصلے صادر کر رہی ہے لہٰذا اب بہتر ہوگا کہ عدالت کے فیصلے کا انتظار بھی کر لیا جائے۔‘

گزشتہ روز مسلم لیگ (ن) کے رہنماؤں دانیال عزیز اور طارق فضل چوہدری کی جانب سے پریس کانفرنس کے دوران الزام لگایا گیا کہ عمران خان نے 2 نومبر کے لیے اسلحہ بردار تنظیموں کی مدد مانگنا شروع کردی ہے۔

مزید پڑھیں: 'جن مدارس کو فنڈز دیے گئے وہ اب عمران خان کے ساتھ ہیں'

قبل ازیں وزیر دفاع خواجہ آصف نے ٹوئٹ کرتے ہوئے کہا کہ2 نومبر کے جلسے کے لیے پی ٹی آئی کو خیبر پختونخوا کی جانب سے نوازے گئے مدارس افرادی قوت فراہم کریں گے۔