پاکستان

رحیم یار خان: دو بسوں میں تصادم،30افراد ہلاک

حادثے کا شکار ہونے والی بسیں کراچی سے لاہور اور فیصل آباد سے صادق آباد جارہی تھیں، 50 افراد زخمی بھی ہوئے۔

رحیم یارخان کے علاقے خان پور میں دریجا پھاٹک کے قریب شاہی روڑ پر دو مسافر بسیں آپس میں ٹکراگئیں جس کے نتیجے میں30 افراد ہلاک اور 50 سے زائد زخمی ہوگئے۔

برطانوی خبر رساں ادارے رائٹرز نے رحیم یار خان پولیس کے انسپکٹر حسن اقبال کے حوالے سے بتایا کہ حادثے میں 30 افراد ہلاک ہوئے۔

پولیس ترجمان ارشد نواز کا کہنا ہے کہ حادثے میں خواتین اور بچے بھی زخمی و ہلاک ہونے والوں میں شامل ہیں۔

قبل ازیں ڈی سی او رحیم یار خان کیپٹن ریٹائرڈ ظفر اقبال نے 26 افراد کے ہلاک ہونے کے تصدیق کی تھی اور بتایا تھا کہ 15 زخمیوں کو شیخ زاید میڈیکل کالج ہسپتال رحیم یار خان جبکہ 35 زخمیوں کو ٹی ایچ کیو ہسپتال خان پور منتقل کردیا گیا۔

حادثے کا شکار ہونے والی ایک بس کو کرین کی مدد سے سیدھا کیا جارہا ہے—فوٹو/ عرفان الحق

حادثے کا شکار ہونے والی ایک بس کراچی سے بہاولپور جبکہ دوسری بس فیصل آباد سے صادق آباد جارہی تھی اور فی الحال حادثے کی وجہ سامنے نہیں آسکی۔

تصادم کے نتیجے میں تباہ ہونے والے بسوں کے اندر سے لاشوں اور زخمیوں کو نکالنے کے لیے ریسکیو آپریشن جاری ہے جبکہ بسوں کی باڈی کو کاٹ کر اندر پھنسے لوگوں کو نکالا جارہا ہے۔

حادثے میں ہلاک اور زخمی ہونے والے کو خان پور اور رحیم یار خان ہسپتال منتقل کردیا گیا جہاں ضابطے کی کارروائی کے بعد لاشوں کو ورثاء کے حوالے کیا جائے گا۔

ریسیکو 1122 کے ذرائع نے بتایا کہ انہیں پیر کی صبح 6 بجکر 12 منٹ پر حادثے کی اطلاع ملی جس کے بعد وہ حادثے کے مقام پر پہنچے اور امدادی کارروائیاں شروع کیں۔

حادثے کا شکار ہونے والی ایک بس میں کئی طالب علم بھی موجود تھے جو کالج جارہے تھے، ڈی سی او ظفر اقبال نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ خون کے عطیات جمع کرائیں۔