الیکشن کمیشن نے 336 پارلیمنٹیرینز کی رکنیت معطل کردی
الیکشن کمیشن آف پاکستان نے اثاثوں کی تفصیلات جمع نہ کرانے والے اراکین سینیٹ، قومی و صوبائی اسمبلی کی رکنیت معطل کردی۔
اسلام آباد: الیکشن کمیشن آف پاکستان نے اثاثوں کی تفصیلات جمع نہ کرانے والے سینیٹ، قومی اور صوبائی اسمبلیوں کے اراکین کی رکنیت معطل کردی ہے۔
ڈان نیوز کو حاصل ہونے والی دستاویز کے مطابق الیکشن کمیشن آف پاکستان نے 336 پارلیمنٹیرین کی رکنیت معطل کرنے کا نوٖٹفیکیشن جاری کردیا ہے۔
مزید پڑھیں: اراکین پارلیمنٹ کے اثاثوں کی تفصیلات جاری
الیکشن کمیشن کے جاری نوٹفیکیشن کے مطابق سینیٹ الیکشن ایکٹ کے سیکشن 25 اے کے تحت کارروائی کرتے ہوئے سینیٹ کے 22 ارکان اور الیکشن ایکٹ کے سیکشن 42 اے کے تحت قومی اسمبلی کے 66 ارکان کی رکنیت معطل کی گئی ہے۔
اس کے علاوہ الیکشن ایکٹ کے سیکشن 42 اے کے تحت ہی پنجاب اسمبلی کے 137، سندھ اسمبلی کے 49، خیبرپختونخوا (کے پی) کے اسمبلی کے 49 اور بلوچستان اسمبلی کے 13 ارکان کی رکنیت معطل کی گئی ہے۔