کاروبار

درآمدی یوریا کی قیمت میں 110 روپے کمی کی منظوری

اقتصادی رابطہ کمیٹی کے اجلاس میں عالمی مارکیٹ میں سُکوک بانڈز جاری کرنے کی منظوری دی گئی۔

اسلام آباد: اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) نے عالمی مارکیٹ میں سُکوک بانڈز جاری کرنے اور درآمدی یوریا کی قیمت میں مزید 110 روپے فی بیگ کمی کی منظوری دے دی۔

وفاقی وزیر خزانہ اسحٰق ڈار کی زیر صدارت اقتصادی رابطہ کمیٹی کے اجلاس میں عالمی مارکیٹ میں سکوک بانڈز جاری کرنے کی منظوری دی گئی، جس کے تحت وفاقی حکومت کا آئندہ ماہ 75 کروڑ سے ایک ارب ڈالر مالیت کے سکوک بانڈز جاری کرنے کا منصوبہ ہے۔

بانڈز کے اجرا کے لیے لندن اور نیویارک میں روڈ شوز منعقد کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

سکوک بانڈز لاہور ۔ اسلام آباد موٹروے کا کچھ حصہ گِروی رکھ کر جاری کیے جائیں گے۔

یہ بھی پڑھیں: اقتصادی رابطہ کمیٹی کی سکوک بانڈز جاری کرنے کی اجازت

اس حوالے سے وزارت خزانہ کا کہنا ہے کہ پاکستان کو اپنے زرمبادلہ کے ذخائر مستحکم رکھنے کے لیے سکوک بانڈز جاری کرنے کی ضرورت ہے، سکوک بانڈز کے لیے ’اسپیشل پرپز وہیکل کمپنی‘ قائم کی گئی ہے جس کے ذریعے تمام ٹرانزیکشنز کی جائیں گی۔

وزارت خزانہ کے بیان میں مزید کہا گیا کہ بین الاقوامی مارکیٹ میں پاکستان سے متعلق مثبت اشارے مل رہے ہیں، جبکہ سکوک بانڈز جاری کرنے سے پاکستان کو خطیر رقم مل سکتی ہے۔

اقتصادی رابطہ کمیٹی نے سکوک بانڈز جاری کرنے کے لیے ٹیکس چھوٹ کی منظوری بھی دے دی ہے، سکوک بانڈز جاری کرنے کے لیے فنانشل ایڈوائزر کی خدمات حاصل کی گئی ہیں جبکہ وزیر خزانہ 5 اکتوبر کو امریکا روانہ ہوں گے۔

رابطہ کمیٹی نے درآمدی یوریا کی قیمت میں بھی مزید 110 روپے فی بوری کمی کرکے اس کی قیمت 1310 روپے سے کم کرکے 1200 روپے فی بوری مقرر کرنے کی منظوری دی۔

اقتصادی رابطہ کمیٹی اب تک یوریا کی قیمت میں 476 روپے فی بیگ کمی کی منظوری دے چکی ہے۔