پاکستان

مظفر آباد: دریائے نیلم میں بس گرنے سے 20 افراد ہلاک

کیل سے مظفر آباد جانے والی مسافر بس تیز رفتاری اور فنی خرابی کے باعث دریا میں جاگری،5 لاشیں نکال کی گئیں۔

مظفر آباد: وادی نیلم کے قریب مسافر بس کھائی میں گرنے سے خواتین سمیت 20 افراد ہلاک اور 5 زخمی ہوگئے۔

وادی نیلم کے علاقے کیل سے مظفر آباد جانے والی مسافر بس تیز رفتاری اور فنی خرابی کے باعث نوسیری نیلم جہلم پراجیکٹ کے قریب دریائے نیلم میں جاگری۔

بس کھائی میں گرنے سے 3 خواتین سمیت 20 مسافر ہلاک ہوگئے، جن میں سے 5 کی لاشوں کو نکالا جاچکا ہے۔

حادثے میں زخمیوں کو علاج کے لیے مظفر آباد کے شیخ زید ہسپتال منتقل کیا گیا، جہاں چند مسافروں کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔

چلہانہ پولیس چوکی کے مطابق مذکورہ گاڑی میں لگ بھگ 25 افراد سوار تھے۔

حادثے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور ریسکیو ٹیمیں موقع پر پہنچ گئی، تاہم ضلعی اور تحصیل انتظامیہ اطلاع ہونے کے باوجود جائے حادثہ پر بروقت نہ پہنچ سکی۔

دریا سے نکالی جانے والی 5 لاشوں کی تدفین آہوں اور سسکیوں کے ساتھ کردی گئی۔