پاکستان

میاں چنوں: غیرت کے نام پر 3 بچوں کی ماں قتل

خاتون کے ہمراہ اس کے مبینہ آشنا کو بھی گھر کے آنگن میں گلے میں پھندا ڈال کر قتل کیا گیا، پولیس

اسلام آباد: پنجاب کے ضلع خانیوال کی تحصیل میاں چنوں میں خاتون کو غیرت کے نام پر تشدد کے بعد اس کے مبینہ ’عاشق‘ کے ہمراہ گلے میں پھندا ڈال کر قتل کردیا گیا۔

غیر ملکی خبر رساں ایجنسی ’اے پی‘ کے مطابق پولیس کا کہنا تھا کہ واقعہ میاں چنوں کے ایک گاؤں میں پیش آیا، جس کے بعد پولیس نے خاتون کے والد، شوہر اور بھائی کو گرفتار کرلیا۔

یہ بھی پڑھیں: وہاڑی: غیرت کے نام پر بھائی کے ہاتھوں 2 بہنیں قتل

مقامی پولیس عہدیدار اللہ دتہ نے کہا کہ 3 بچوں کی ماں خالدہ بی بی اور اس کے مبینہ آشنا 21 سالہ محمد مختار کو غیرت کے نام پر گھر کے آنگن میں لٹکا کر قتل کیا گیا۔

ان کا کہنا تھا کہ مقتولہ کے تینوں گرفتار رشتہ داروں نے خالدہ بی بی اور مختار کو، مبینہ طور پر ناجائز تعلقات کی بنا پر قتل کرنے کا اعتراف کیا۔

مزید پڑھیں: غیرت کے نام پر بھائی کے ہاتھوں بہن قتل

پاکستان میں ہر سال سیکڑوں خواتین کو غیرت کے نام پر قتل کردیا جاتا ہے، جن میں سے اکثر اپنے گھر کے ہی کسی فرد یا قریبی رشتہ داروں کے ہاتھوں قتل ہوتی ہیں۔

غیرت کے نام پر قتل کے زیادہ تر واقعات محبت اور شادی بیاہ کے معاملات پر خاندان کے خلاف جانے کے باعث پیش آتے ہیں۔