کاروبار

ایل پی جی کی قیمت میں 10 روپے فی کلو اضافہ

ایک ہفتے کے دوران ایل پی جی کی قیمت میں دوسری مرتبہ اضافہ کیا گیا ہے۔

اسلام آباد: ملک بھر میں لیکیوفائیڈ پیٹرولیم گیس (ایل پی جی) کی قیمت میں 10 روپے فی کلو اضافہ کردیا گیا۔

واضح رہے کہ گزشتہ ایک ہفتے کے دوران ایل پی جی کی قیمت میں دوسری مرتبہ اضافہ کیا گیا ہے، اس سے قبل 31 اگست کو بھی ایل پی جی کی قیمت میں 5 روپے فی کلو کا اضافہ کیا گیا تھا۔

حالیہ اضافے سے گھریلو سلنڈر 100 روپے اور کمرشل سلنڈر 400 روپے مہنگا ہوگیا۔

مزید پڑھیں:ایل پی جی کی قیمت میں 5 روپے فی کلو اضافہ

صدر آل پاکستان ایل پی جی ڈسٹری بیوٹرز ایسوسی ایشن عرفان کھوکھر کا کہنا تھا کہ ایل پی جی مارکیٹنگ کمپنیوں نے اوگرا نوٹیفکیشن کے بغیر قیمتوں میں اضافہ کیا۔

عرفان کھوکھر نے الزام عائد کہ عیدالاضحی کی آمد کے پیش نظر لوکل ایل پی جی کمپنیوں نے کروڑوں روپے کی منافع خوری شروع کردی ہے۔

انھوں نے وزیر پیٹرولیم اور چیئرمین اوگرا کے نام لکھے گئے خط میں درخواست کی کہ قیمتوں میں بلاجواز اضافہ واپس کروائیں اور ناجائز منافع خوری میں ملوث کمپنیوں کے خلاف کارروائی کی جائے۔

ساتھ ہی انھوں نے خبردار کیا کہ اگر ایکشن نہ لیا گیا تو سردیوں میں ایل پی جی 250 روپے فی کلو سے تجاوز کرجائے گی۔