آرمی چیف کی پوری طاقت سے کومبنگ،ٹارگٹڈ آپریشنز کی ہدایت
راولپنڈی: چیف آف آرمی اسٹاف جنرل راحیل شریف نے کور کمانڈرز اور انٹیلی جنس ایجنسیوں کو، دہشت گردوں اور سلیپر سیلز کے خاتمے کے لیے ملک بھر میں پوری طاقت سے کومبنگ اور ٹارگٹڈ آپریشنز کی ہدایت کردی۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق جنرل راحیل شریف کی زیر صدارت جنرل ہیڈ کوارٹرز (جی ایچ کیو) راولپنڈی میں کور کمانڈرز اجلاس ہوا، جس میں تمام کور کمانڈرز اور پرنسپل اسٹاف آفیسرز نے شرکت کی۔
کانفرنس میں سانحہ کوئٹہ کے متاثرہ خاندانوں اور زخمیوں سے اظہار ہمدردی کیا گیا، جبکہ شرکاء کو ملک کی مجموعی خارجی و داخلی سلامتی کی صورتحال پر بریفنگ اور دہشت گردوں کے خلاف آپریشنز سے تفصیلی آگاہ کیا گیا۔
مزید پڑھیں: آرمی چیف کا ملک بھر میں اسپیشل کومبنگ آپریشن کا حکم
کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے آرمی چیف نے کہا کہ کوئٹہ دھماکا پاکستان کی عدالیہ پر بزدلانہ حملہ تھا، جس کا مقصد آپریشن ضرب عضب کی کامیابیوں کو ناکام بنانے کی کوشش ہے، تاہم ایک قوم ہونے کے عزم سے ملک کی مسلح افواج دہشت گردوں کو شکست سے دوچار کریں گی۔
جنرل راحیل شریف نے کور کمانڈرز کو ہدایت کی کہ وہ صوبائی قانون نافذ کرنے والے اداروں کو ان کی صلاحیت بڑھانے کے لیے تربیت، منصوبہ بندی، وسائل اور دیگر ضروری مدد فراہم کریں، تاکہ وہ دہشت گردوں کے خلاف موثر انداز میں کارروائی کر سکیں۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز کوئٹہ کے سول ہسپتال میں خودکش دھماکے کے نتیجے میں 70 سے زائد افراد ہلاک اور 112 زخمی ہوئے تھے۔
یہ بھی پڑھیں: کوئٹہ: سول ہسپتال میں خودکش دھماکا، 70 افراد ہلاک
پیر کے روز صبح سویرے نامعلوم افراد کی فائرنگ سے ہلاک ہونے والے بلوچستان بار کونسل کے صدر ایڈووکیٹ بلال انور کاسی کی میت سول ہسپتال لائی گئی تو اس دوران ہسپتال کے شعبہ حادثات کے بیرونی گیٹ پر زور دار دھماکا ہوا۔
دھماکے کے وقت سول ہسپتال میں وکلاء اور میڈیا نمائندوں کی بھی بڑی تعداد موجود تھی۔
کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) سے علیحدگی اختیار کرنے والے دہشت گرد گروپ جماعت الاحرار نے دھماکے کی ذمہ داری قبول کرنے کا دعویٰ کیا تھا۔