پاکستان

کوئٹہ دھماکے کے بعد سیفٹی چیک

فیس بک نے سیفٹی چیک کا آپشن متحرک کردیا، تاکہ صارفین اپنے پیاروں کی خیریت سے آگاہ ہوسکیں۔

کوئٹہ: سماجی رابطے کی ویب سائٹ فیس بک نے بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں دھماکے کے بعد سیفٹی چیک کا آپشن جاری کردیا۔

یاد رہے کہ پیر 8 اگست کی صبح بلوچستان بار کونسل کے صدر بلال انور کاسی کو فائرنگ کرکے قتل کردیا گیا تھا، ان کی میت جب سول ہسپتال لائی گئی تو شعبہ حادثات کے گیٹ پر ایک دھماکا ہوا، جس کے نتیجے میں 50 سے زائد افراد ہلاک جبکہ 40 سے زائد زخمی ہوئے۔

مزید پڑھیں:کوئٹہ: سول ہسپتال میں دھماکا

دہشت گردی کے اس واقعے کے بعد فیس بک نے صارفین کے لیے سیفٹی چیک کا آپشن متحرک کردیا، تاکہ وہ اپنے پیاروں کی خیریت سے آگاہ ہوسکیں۔

اسکرین شاٹ—۔

واضح رہے کہ فیس بک انتظامیہ نے ’سیفٹی چیک‘ کے فیچر کو 2014 میں متعارف کرایا تھا اور نومبر 2015 میں پیرس حملوں سے قبل اسے صرف 5 بار قدرتی آفات کے وقت متحرک کیا گیا۔

اکتوبر 2015 میں پاکستان میں آنے والے قیامت خیز زلزلے کے بعد بھی فیس بک کی جانب سے اس فیچر کو استعمال کے لیے پیش کیا گیا تھا۔