دنیا

پاکستانی نژاد امریکی فوجی کے والد ٹرمپ پر برس پڑے

عراق میں ہلاک ہونےوالے مسلمان امریکی فوجی اہلکارکے والد خضرخان نے ری پبلکن امیدوارکو امریکی آئین پڑھنے کا مشورہ دےڈالا۔

واشنگٹن: عراق میں ہلاک ہونے والے مسلمان امریکی فوجی اہلکار کے والد ری پبلکن پارٹی کے صدارتی امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ پر برس پڑے۔

خبررساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس (اے پی) کے مطابق امریکی ریاست فلاڈیلفیا میں ہونے والے ڈیموکریٹ پارٹی کے کنونشن سے خطاب میں پاکستانی نژاد خضرخان نے ڈونلڈ ٹرمپ سے سوال کیا کہ کیا انہوں نے امریکی آئین پڑھا ہے؟ ان کا کہنا تھا کہ کیا ان کا بیٹا امریکی نہیں تھا یا اس نے اپنی جان قربان کرکے امریکی فوج کی خدمت نہیں کی؟

یاد رہے کہ خضر خان کے بیٹے کیپٹن ہمایوں خان 2004 میں عراق میں ایک کار بم دھماکے میں ہلاک ہوگئے تھے، اس وقت ان کی عمر 27 سال تھی۔

خضر خان کا کہنا تھا کہ ڈونلڈ ٹرمپ کے برعکس ڈیموکریٹ پارٹی کی صدارتی امیدوار ہیلری کلنٹن نے میرے بیٹے کو امریکا کا بہترین شہری قرار دیا۔

خیال رہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ مسلمانوں کے خلاف نفرت انگیز بیانات دینے کی وجہ سے مشہور ہیں، انہوں نے دھمکی تھی کہ اگر وہ امریکا کے صدر بن گئے تو وہ مسلمانوں کے امریکا آنے پر پابندی لگادیں گے، اس کے علاوہ وہ امریکا اور میکسیکو کی سرحد پر دیوار کھڑی کرنے کی بھی تجویز دے چکے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں : 'اسلام' امریکا سے نفرت کرتا ہے، ڈونلڈ ٹرمپ

خضر خان نے اپنے بیٹے کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے ڈونلڈ ٹرمپ کو آئین کی کاپی ادھار لینے کی بھی پیشکش کی۔

ان کا کہنا تھا کہ ڈونلڈ ٹرمپ آئین میں ان الفاظ 'آزادی اور سب کے لیے قانونی حفاظت‘ کو بغور پڑھیں، ساتھ ہی انھوں نے سوال کیا کہ کیا وہ (ٹرمپ) کبھی آرلنگٹن قبرستان گئے ہیں؟ ‘اس قبرستان میں بہادر نوجوان دفن ہیں جنہوں نے امریکا کا دفاع کرتے ہوئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا‘۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ ڈونلڈ ٹرمپ نے کبھی کوئی قربانی نہیں دی، اگر آپ آرلنگٹن قبرستان جائیں تو انھیں تمام مذاہب اور رنگ و نسل کے جوانوں کی قبریں ملیں گی۔

مزید پڑھیں: مسلم مخالف بیان: ٹرمپ کی مشکلات میں اضافہ

1980 میں امریکا منتقل ہونے والے خضر خان کا کہنا تھا کہ ‘وہ اور ان کی اہلیہ محب الوطن امریکی مسلمان ہیں اور بہت سے تارکین وطن کی طرح وہ بھی خالی ہاتھ اس ملک میں آئے تھے'۔

انہوں نے زور دیا کہ تمام مسلمان تارکین وطن اور محب الوطن شہری صدارتی الیکشن کو غیر سنجیدہ نہ لیں اور منافرت اور انتشار پھیلانے والے امیدوار کے بجائے زخموں پر مرہم رکھنے والے امیدوار کو ووٹ دیں۔

واضح رہے کہ امریکا میں نومبر میں ہونے والے صدارتی انتخاب میں ڈیموکریٹک کی ہیلری کلنٹن کا مقابلہ ری پبلکن امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ سے ہوگا۔