دنیا

ہندوستان: بارشوں اور لینڈ سلائیڈنگ سے 40 ہلاک

شمالی ریاست اتراکھنڈ میں بارشوں، سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ کے باعث ہزاروں افراد تاحال لاپتہ ہیں، حکام

نئی دہلی: ہندوستان کی شمالی ریاست اتراکھنڈ میں بارشوں کے بعد سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ کے نتیجے میں 40 افراد ہلاک ہوگئے۔

برطانوی خبر رساں ادارے رائٹرز کی ایک رپورٹ کے مطابق ریاست کے وزیراعلیٰ کے ترجمان اوم پرکاش ستی کا کہنا تھا کہ متعدد افراد تاحال لاپتہ ہیں، اور انھوں نے ساتھ ہی بتایا کہ ریاست کے دور دراز علاقوں چمولی اور پیتھوراگ کی صورت حال انتہائی خراب ہے۔

تاہم مقامی حکام نے 18 ہلاکتوں کی تصدیق کی ہے جس میں سے 15 افراد کی ہلاکت پیتھوراگ میں ہوئی جبکہ انتظامیہ نے ہلاکتوں کے بڑھنے کا اندیشہ بھی ظاہر کیا۔

دوسری جانب لینڈ سلائیڈنگ کے باعث ہزاروں سٹرکیں بند ہوگئی اور انتظامیہ نے لوگوں کو حفاظتی اقدام کے تحت علاقے خالی کرنے کی ہدایت بھی جاری کی۔

ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ لوگوں کو حفاظتی مقامات پر پہنچانے کیلئے ریلیف آپریشن جاری ہے، لیکن حالیہ بارشوں کی وجہ سے دریاوں میں سیلاب کا خطرہ موجود ہے۔

ادھر ریاست کے وزیراعلیٰ نے میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ 'گھبرانے کی ضرورت نہیں'، ریاست کی مزید ٹیموں، انتظامیہ اور ریلیف فورس کو احتیاطی تدابیر کے تحت ہائی الرٹ کردیا گیا ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ سے متاثر ہونے والی متعدد سٹرکوں کی مرمت کردی گئی ہے۔


آپ موبائل فون صارف ہیں؟ تو باخبر رہنے کیلئے ڈان نیوز کی فری انڈرائیڈ ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔