پاکستان

عمران خان مریم نواز سے معافی مانگیں، اسحاق ڈار

چیئرمین پی ٹی آئی معافی نہیں مانگیں گے، اصل مسئلہ مریم نہیں پولیس کا عام شہریوں سے برتائو ہے،نعیم الحق

اسلام آباد: وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے پاکستان تحریک انصاف( پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ وزیر اعظم کی صاحبزادی مریم نواز سے معافی مانگیں۔

وزیر خزانہ کا کہنا ہے کہ عمران خان نے لاہور میں پولیس کی جانب سے اپنی بہن کے ساتھ بدسلوکی کے واقعے کا ذمہ دار مریم نواز کو ٹھہرایا تھا جو غلط ہے۔

یہ بھی پڑھیں:عمران خان کی بہن کا ہراساں کیے جانے کا دعویٰ

اسحاق ڈار نے اپنے بیان میں کہا کہ واقعے کی اصل حقائق معلوم ہونے کے بعد عمران خان کو چاہیے کہ وہ مریم نواز سے معذرت کریں جیسا کہ ایک قومی رہنما ہونے کی حیثیت سے ہم ان سے توقع کرتے ہیں۔

اسحاق ڈار نے کہا کہ یہ عمران خان کی عادت ہے کہ وہ افواہوں اور سنی سنائی باتوں پر ردعمل ظاہر کردیتے ہیں اور حقائق کی تصدیق نہیں کرتے۔

انہوں نے کہا کہ ایک سیاسی جماعت کا سربراہ ہونے کی حیثیت سے عمران خان کو ذمہ دارانہ طرز عمل اپنانا چاہیے۔

مزید پڑھیں:مریم نواز کو چیئرمین یوتھ لون کے عہدے سے ہٹانے کے احکامات

سابق صدر آصف علی زرداری کی ہمشیرہ کا اشارہ دیتے ہوئے اسحاق ڈار نے کہا کہ کیا پی ٹی آئی کے چیئرمین اپنے نئے اتحاد سے علیحدگی پر غور کرتے اگر اس واقعے میں فریال تالپور کی گاڑی ملوث ہوتی؟

اسحاق ڈار نے استفسار کیا کہ کیا 'خان صاحب' پاکستان پیپلز پارٹی کے خلاف مہم شروع کرنے کا اعلان کرتے جیسا کہ انہوں نے ن لیگ کی حکومت کے خلاف چلانے کا اعلان کیا ہے۔

اس سلسلے میں پی ٹی آئی کے ترجمان نے بیان جاری کیا ہے کہ اس وقعے کے حوالے سے عمران خان مریم نواز سے کبھی معافی نہیں مانگیں گے۔

نعیم الحق نے کہا کہ اصل مسئلہ مریم نواز کا نہیں بلکہ پولیس کے عام شہریوں سے برتائو کا ہے، عمران خان سے معافی کا مطالبہ کرے کے بجائے شریف خاندان کو اپنے اثاثوں اور دولت کے بارے میں حقائق چھپانے پر قوم سے معافی مانگنی چاہیے۔

یہ خبر 3 جولائی 2016 کے ڈان اخبار میں شائع ہوئی


آپ موبائل فون صارف ہیں؟ تو باخبر رہنے کیلئے ڈان نیوز کی فری انڈرائیڈ ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔