پاکستان

برطانیہ میں ریفرنڈم، کراچی اسٹاک ایکسچینج میں مندی

برطانیہ میں یورپی یونین میں رہنے یا انخلاء کے حوالے سے ہونے والے ریفرنڈم کا اثر پاکستان کی اسٹاک مارکیٹ پر بھی پڑا۔

کراچی: برطانیہ میں یورپی یونین میں رہنے یا انخلاء کے حوالے سے ہونے والے ریفرنڈم کا اثر پاکستان کی اسٹاک مارکیٹ پر بھی پڑا اور جمعے کو ٹریڈنگ کا آغاز ہوتے ہی کراچی اسٹاک ایکسچینج (کے ایس ای) میں شیئرز 2 فیصد تک گر گئے۔

خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق صبح 10 بجکر 17 منٹ پر پاکستان اسٹاک ایکسچیج (پی ایس ایکس) کی کے ایس ای ہنڈریڈ انڈیکس میں 37,484.18 پوائنٹس کے ساتھ 1.96 فیصد پر ٹریڈنگ ہورہی تھی۔

ٹاپ لائن سیکیورٹیز کے چیف اکنامسٹ اور ڈائریکٹر سعد ہاشمی نے اس صورتحال کے حوالے سے کہا، یہ سب بریگزٹ (برطانیہ کے یورپی یونین سے انخلاء) کی وجہ سے ہوا۔'

تاجروں کا کہنا ہے کہ بینکنگ اور آئل اسٹاک شدید مندی کا شکار ہیں۔

مزید پڑھیں: برطانوی عوام یورپی یونین سے انخلاء کے حامی

یاد رہے کہ برطانیہ کے یورپی یونین کا حصہ رہنے یا انخلاء سے متعلق ہونے والے ریفرنڈم کے نتائج کے مطابق برطانوی عوام کی اکثریت یورپی یونین سے نکلنے کی حامی ہے۔

نتائج کے مطابق یورپی یونین سے انخلاء کی حمایت میں 51.8 فیصد جبکہ مخالفت میں 48.2 فیصد افراد نے ووٹ دیا۔

برطانوی عوام کے فیصلے سے عالمی مارکیٹ میں سونے کی قیمت کو بھی پَر لگ گئے، جبکہ بین الاقوامی مارکیٹ میں برطانوی پاؤنڈ کی قدر میں بھی نمایاں کمی ہوئی اور وہ 31 سال کی کم ترین سطح پر آگیا۔


آپ موبائل فون صارف ہیں؟ تو باخبر رہنے کیلئے ڈان نیوز کی فری انڈرائیڈ ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔