ماروی سرمد،حمداللہ معاملے پر ٹی وی چینل کو نوٹس
اسلام آباد: جمعیت علماء اسلام (جے یو آئی-ف) کے سینیٹر حافظ حمد اللہ اور سماجی کارکن ماروی سرمد کے درمیان ٹی وی پروگرام میں ہونے والی تلخ کلامی اور دھمکی آمیز گفتگو نشر کرنے پر پاکستان الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی (پیمرا) نے نجی ٹی وی چینل کو اظہار وجوہ کا نوٹس جاری کر دیا۔
پیمرا کی جانب سے جاری کیے گئے نوٹس میں کہا گیا ہے کہ نیوز ون (News One) ٹی وی چینل نے ’ٹین پی ایم ود نادیہ مرزا‘ نامی پروگرام میں ماروی سرمد اور سینیٹر حافظ حمداللہ کے درمیان ہونے والی تلخ گفتگو 4 منٹ 9 سیکنڈز تک نشر کی جبکہ اس دوران گالیاں بھی دی گئیں اور نوبت یہاں تک پہنچ آئی کہ اگر دیگر مہمان بیچ بچاؤ نہ کرواتے تو سینیٹر حافظ حمد اللہ ماروی سرمد پر ہاتھ اٹھا دیتے۔
یہ بھی پڑھیں : ٹی وی شو میں جے یو آئی کے سینیٹر کی خاتون سے 'بدکلامی'
پیمرا نے مزید کہا کہ پروگرام کی میزبان نادیہ مرزا کی جانب سے مہمانوں کے مائیک بند نہیں کروائے گئے، یہ نہایت غیر ذمہ دارانہ، تضحیک آمیز اور غیر پیشہ وارانہ رویہ ہے، جس سے پروگرام میں موجود مہمانوں کی عزت نفس مجروح ہوئی جبکہ ناظرین نے بھی اسے ناپسند کیا۔