ماروی سرمدکی درخواست پرسینیٹرحمداللہ پرمقدمہ
سینیٹر حافظ حمد اللہ نے مبینہ طور پر بدکلامی کے ساتھ ساتھ دھمکیاں بھی دی تھیں، ماروی سرمد کا درخواست میں موقف
اسلام آباد: سول سوسائٹی کی کارکن ماوری سرمد کی درخواست پر جمعیت علماء اسلام (جے یو آئی-ف) کے سینیٹر حمد اللہ کے خلاف وفاقی دارالحکومت کے تھانے مقدمہ درج کر لیا گیا۔
ڈان نیوز کی رپورٹ کے ایک نجی ٹی وی شو کے دوران جمعیت علماء اسلام (ف) سے تعلق رکھنے والے سینیٹر حافظ حمد اللہ نے مبینہ طور پر سماجی کارکن ماروی سرمد سے بدکلامی کی تھی جبکہ ماروی سرمد نے دعویٰ کیا تھا کہ ان پر جسمانی طور پر بھی تشدد کی کوشش کی گئی تھی۔
یہ بھی پڑھیں: جے یو آئی کے سینیٹر کی خاتون سے 'بدکلامی'
ایک روز قبل نجی ٹی وی چینل نیوز ون کے ایک ٹاک شو میں حالیہ دنوں میں پاکستان میں غیرت کے نام پر خواتین کے قتل پر ہونے والے مباحثے کے دوران جے یو آئی کے سینیٹر حافظ حمد اللہ اس وقت شدید اشتعال میں آ گئے جب ماروی سرمد نے بیرسٹر مسرور کے اسلامی نظریاتی کونسل کے خلاف سخت موقف کی حمایت کی۔