ماں کے ہاتھوں جلنے والی لڑکی سپرد خاک
لاہور: صوبہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں غیرت کے نام پر قتل ہونے والی لڑکی زینت رفیق کی تدفین کردی گئی, جس میں لڑکی کے اہلخانہ میں سے کسی نے بھی شرکت نہیں کی۔
پسند کی شادی کرنے والی 18 سالہ زینت رفیق کو دو روز قبل اس کی ماں، بھائی اور بہنوئی نے زندہ جلا کر قتل کردیا تھا۔
فیکٹری ایریا کی حدود میں مست اقبال روڈ کی رہائشی زینت رفیق نے ایک ہفتے قبل گھر سے بھاگ کر حسن خان سے پسند کی شادی کی تھی جس پر زینت کے اہلخانہ اس سے ناخوش تھے۔
یہ بھی پڑھیں: پسند کی شادی: ماں نے بیٹی کو زندہ جلاکر قتل کردیا
واقعے سے دو روز قبل زینت کے اہلخانہ نے جھوٹ بول کر اس کو شوہر حسن خان کے گھر سے لائے تھے، جبکہ انہوں نے زینت کو یقین دہانی کروائی تھی کہ اس کی دھوم دھام سے رخصتی کی جائے گی۔
زینت رفیق کے شوہر حسن خان نے دو ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کروایا تھا، بعدازاں زینت کی والدہ نے غیرت کے نام پر قتل کے اعتراف کیا۔
پوسٹ مارٹم کی رپورٹ کے مطابق پہلے زینت کا گلا دبایا گیا پھر اس پر تیل چھڑک کر آگ لگائی گئی، زینت 80 فیصد تک جل چکی تھی۔
مزید پڑھیں:’زینت کو چارپائی پر باندھا، تیل چھڑکا اور آگ لگادی
مقامی پولیس افسر شیخ حماد کا کہنا ہے کہ قانونی کارروائی کے بعد میت اس کے شوہر حسن کے حوالے کی گئی جبکہ اس کی تدفین چنگی عمار سندھو کے قبرستان میں کی گئی۔
شیخ حماد نے بتایا کہ تدفین کے وقت لڑکی کے اہلخانہ میں سے کسی نے بھی شرکت نہیں کی۔
پولیس افسر کے مطابق زینت کی چار شادی شدہ بہنیں اسی علاقے میں رہائش پذیر ہیں لیکن زینت کے اہلخانہ میں سے کوئی بھی میت لینے نہیں آیا۔
ایس پی انویسٹگیشن طارق الہیٰ نے بتایا کہ عینی شاہدین کےمطابق دو افراد اس کیس میں ملوث ہیں، ان ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے گئے تھے، پولیس کارروائی کے دوران ایک ملزم کو گرفتار کیا گیا۔
طارق الہیٰ نے بتایا کہ لڑکی کے بہنوئی ظفر کو گرفتار کیا گیا ہے، ظفر کے مطابق اس نے زینت کو شوہر کے گھر سے لانے میں اہم کردار ادا کیا تھا۔
واضح رہے کہ زینت کا بھائی تاحال مفرور ہے جس کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔
ایس پی انویسٹگیشن نے مزید بتایا کہ ان دونوں ملزمان کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ (ای سی ایل) میں شامل کرنے کے حوالے سے وزیر داخلہ کو خط لکھا گیا ہے تاکہ ملزمان ملک سے فرار نہ ہوسکیں۔
آپ موبائل فون صارف ہیں؟ تو باخبر رہنے کیلئے ڈان نیوز کی فری انڈرائیڈ ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔