نواز شریف کا 23سال میں 3کروڑ 59لاکھ روپے ٹیکس
اسلام آباد: وزیراعظم نواز شریف کی جانب سے قومی اسمبلی میں اسپیکر سردار ایاز صادق کو ٹیکس ادائیگی کے حوالے سے فراہم کی گئی دستاویزات اور تصاویر اسمبلی سیکریٹریٹ نے جاری کر دیں۔
قومی اسمبلی کے سیکریٹریٹ کی جانب سے جاری کی گئی دستاویزات کے مطابق وزیراعظم نواز شریف نے 1993 سے 2007 تک 1 کروڑ 4 لاکھ 21 ہزار 966 روپے انکم ٹیکس اور ویلتھ ٹیکس کی مد میں ادا کیے۔
خیال رہے کہ 1999 میں نواز شریف کی حکومت ختم ہو گئی تھی جبکہ 2000 میں وہ جلاوطن ہوکر سعودی عرب چلے گئے تھے جہاں سے وہ 2007 میں واپس آئے، 2008 کے عام انتخابات میں انہوں نے حصہ نہیں لیا تھا، تاہم 2013 کے الیکشن میں 13 سال بعد ایک بار پھر رکن قومی اسمبلی بن کر تیسری بار وہ ملک کے وزیراعظم منتخب ہوئے۔
یہ بھی پڑھیں : نواز شریف تیرہ سال بعد قومی اسمبلی میں
نواز شریف نے پاکستان آنے کے بعد سال 10-2009 میں 27 لاکھ 70 ہزار روپے، سال 11-2010 میں 32 لاکھ 52 ہزار، سال 12-2011 میں 36 لاکھ 83 ہزار، سال 13-2012 میں 45 لاکھ 47 ہزار، سال 14-2013 میں 46 لاکھ 53 ہزار روپے، سال 15-2014 میں 41 لاکھ 57 ہزار روپے اور رواں مالی سال 16-2015 میں 24 لاکھ 98 ہزار روپے ٹیکس ادا کیے۔