'علی حیدر گیلانی کو ہولی وڈ فلم کی پیشکش'
لاہور: سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کے چند روز قبل افغانستان سے بازیاب ہونے والے بیٹے علی حیدر گیلانی ایک کتاب لکھنے کا ارادہ رکھتے ہیں اور ہوسکتا ہے کہ وہ القاعدہ کی قید میں اپنے 3 سال اور 'معجزاتی' رہائی پر بننے والی ہولی وڈ فلم میں کام کی پیشکش بھی قبول کرلیں۔
اگرچہ افغانستان میں قید کے دوران جو نوٹس انھوں نے لیے تھے، وہ گم ہوچکے ہیں، لیکن اس عرصے کی 'تکلیف دہ یادیں' اب بھی اُن کے ذہن میں موجود ہیں۔
سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی نے ڈان سے بات کرتے ہوئے بتایا، 'میرا بیٹا عسکریت پسندوں کی قید میں گزارے گئے 3 سال کے دوران پیش آنے والی آزمائشوں پر ایک کتاب لکھنے کا ارادہ رکھتا ہے'۔
انھوں نے بتایا، 'میرے بیٹے نے کتاب لکھنے کے لیے اپنی قید کے دنوں کی تفصیل لکھی تھی، جسے اغوا کاروں نے جلا دیا تھا، لیکن اس کا ارادہ ہے کہ وہ اِن گزرے دنوں کا احوال تحریر کرے، پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے بھی (علی حیدر گیلانی کی) کتاب لکھنے کے حوالے سے حوصلہ افزائی کی ہے۔'
مزید پڑھیں:علی حیدرگیلانی افغانستان سے بازیاب
یوسف رضا گیلانی کا کہنا تھا کہ ان کا بیٹا فلم جراسک پارک کے ڈائریکٹر اسٹیون اسپیل برگ کی جانب سے اپنے اغواء کی کہانی پر مشتمل فلم کی آفر بھی قبول کرسکتا ہے۔ اسپیل برگ نے علی حیدر گیلانی کو جمعرات کو فون کرکے انھیں فلم کی پیشکش کی۔
انھوں نے بتایا، 'آج امریکی ڈیموکریٹک صدارتی امیدوار ہلیری کلنٹن نے بھی فون کیا اور مجھے میرے بیٹے کی واپسی پر مبارکباد دی۔ میں نے انھیں بتایا کہ عسکریت پسندوں نے میرے بیٹے کو مالا کنڈ ڈویژن میں میری جانب سے آپریشن کے آغاز کی وجہ سے اغواء کیا تھا۔ میں نے علی حیدر کی رہائی کے حوالے سے امریکی کوششوں کا شکریہ ادا کیا۔ ہلیری کلنٹن نے مجھ سے وعدہ کیا کہ اگر وہ صدر منتخب ہوگئیں تو وہ مجھے وائٹ ہاؤس میں مدعو کریں گی۔'