پوپ فرانسس نے مسلمان مہاجرین کے پاؤں دھوئے
عیسائیوں کے 'مقدس جمعرات' پر مالی، شام اور پاکستان کے 3 مسلمانوں اور ہندوستان کے ایک ہندو کو رسم میں شامل کیا گیا۔
کاسٹیلنو ڈی پورٹو : مسیحیوں کے روحانی پیشوا پوپ فرانسس نے مسلمانوں، ہندوؤں، آرتھوڈکس اور کیتھولک مسیحی مہاجرین کو ایک ہی رب کی مخلوق قرار دیتے ہوئے ان کے پاؤں دھوئے اور ان کا بوسہ لیا۔
انہوں نے مہاجرین کو خوش آمدید کہنے اور بھائی چارے کی علامت کے طور پر یہ عمل ایک ایسے وقت میں کیا جب بیلجیئم کے دارالحکومت برسلز میں ہونے والے دھماکوں کے بعد مسلمانوں اور مہاجرین کے خلاف منفی جذبات میں اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔
پوپ فرانسس نے قتل عام کو جنگ کی طرف اشارہ قرار دیتے ہوئے اس کی مذمت کی اور اسے اُن لوگوں کا ایک عمل قرار دیا جو اسلحے کی صنعت کو بڑھاوا دینا چاہتے ہیں۔