پاکستان

ڈاکٹرصغیر احمد کون ہیں؟

ایم کیو ایم کو خیرباد کہنے والے ڈاکٹر صغیر 3 مرتبہ رکن سندھ اسمبلی منتخب ہوئے جب کہ وزیر ماحولیات اور صحت بھی رہے۔

متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) کے سینئر رہنما اور رابطہ کمیٹی کے رکن ڈاکٹر صغیر احمد نے 28 سال کی وابستگی کے بعد آج ایم کیو ایم کو خیرباد کہہ دیا۔

ڈاکٹر صغیر کا شمار ایم کیو ایم کے سینئر رہنماؤں اور کراچی کی سیاست میں بڑی شخصیات میں ہوتا ہے۔ وہ پہلی بڑی شخصیت ہیں جنہوں نے مصطفیٰ کمال کی وطن آمد کے بعد ایم کیو ایم سے اپنے راستے الگ کیے ہیں۔

23 نومبر 1972 کو کراچی میں پیدا ہونے والے ڈاکٹر صغیر احمد نے اس وقت کے ڈاؤ میڈیکل کالج (موجودہ ڈاؤ یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز) کراچی سے ایم بی بی ایس کیا جس کے بعد انہوں نے بائیو کیمسٹری میں ایم فل کیا۔

وہ زمانہ طالبعلمی میں ایم کیو ایم کی طالبعلموں کی تنظیم آل پاکستان متحدہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن (اے پی ایم ایس او) سے بھی منسلک رہے۔

وہ تین مرتبہ سندھ اسمبلی کے رکن اور وزیر رہے ۔ پہلی دفعہ انہوں نے 2005 کے ضمنی انتخابات میں کامیابی حاصل کی اور رکن سندھ اسمبلی بنے جس کے بعد وہ 2007 تک سندھ کے وزیر ماحولیات بھی رہے۔

ڈاکٹر صغیر دوسری مرتبہ 2008 سے 2013 تک صوبائی اسمبلی کے رکن رہے جب کہ 2013 کے انتخابات میں بھی وہ کراچی سے سندھ اسمبلی کے حلقہ پی ایس 117 سے 43 ہزار سے زائد ووٹ لے کر منتخب ہوئے۔

2008 سے 2014 تک وہ وقتاً فوقتاً صوبائی وزیرصحت کے عہدے پر کام کرتے رہے۔

2014 میں ایم کیو ایم نے ان سے وزارت کا قلمدان واپس لے لیا تھا۔ تاہم، وہ موجودہ سندھ اسمبلی میں قائمہ کمیٹی برائے محنت و افرادی قوت کے رکن ہیں۔


آپ موبائل فون صارف ہیں؟ تو باخبر رہنے کیلئے ڈان نیوز کی فری انڈرائیڈ ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔