دنیا

کشمیر: سیکیورٹی فورسز سے جھڑپیں، 3 حریت پسند ہلاک

حریت پسندوں سے کشمیری عوام کا اظہار یکجہتی، ہزاروں نے جنازے میں شرکت کی۔

سری نگر: ہندوستان کے زیر انتظام کشمیر میں سیکیورٹی فورسز کے ساتھ جھڑپوں کے نتیجے میں تین حریت پسند ہلاک ہو گئے۔

فوجی ترجمان کرنل نتن جوشی کے مطابق ترال کے علاقے میں بدھ کی رات جھڑپوں کا آغاز ہوا اور وقفے وقفے سے فائرنگ کا تبادلہ جاری رہا۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ ہلاک ہونے والوں کا تعلق حزب المجاہدین سے تھا۔

جھڑپوں کے مقام پر بڑی تعداد میں لوگ جمع ہوگئے جنہوں نے کشمیر کی آزادی کے حق میں نعرے بازی اور ہلاک ہونے والے حریت پسندوں سے یکجہتی کا اظہار کیا۔

بعدازاں پولیس نے آنسو گیس کا استعمال کرتے ہوئے انہیں منتشر کیا۔

مظاہرین نے سیکیورٹی فورسز کا مقابلہ پتھروں سے کیا جبکہ جھڑپوں میں کسی کے زخمی ہونے کی اطلاعات موصول نہیں ہوئیں۔

جمعرات کے روز حریت پسندوں کی نماز جنازہ میں ہزاروں افراد نے شرکت بھی کی۔

ہندوستان کے زیر انتظام کشمیر میں 1989 سے آزادی یا پاکستان کے ساتھ الحاق کے لیے تحریک جاری ہے جبکہ مختلف گروپ اس حوالے سے کارروائیاں کرتے رہتے ہیں۔

تنازعے کے باعث علاقے میں 68 ہزار افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔