ضرب عضب: فضائی کارروائی میں 15 'دہشت گرد' ہلاک
پشاور: پاک افغان سرحد پر وفاق کے زیر انتظام علاقے شمالی وزیرستان میں جیٹ طیاروں کی کارروائی میں 15 دہشت گرد ہلاک ہوئے۔
پاک فوج کے ترجمان ادارے انٹرسروسز پبلک ریلیشنز (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری کیے گئے اعلامیے کے مطابق شمالی وزیرستان میں پاک افغان سرحد کے قریب فضائی کی کارروائی میں دہشت گردوں کو نشانہ بنایا گیا۔
آئی ایس پی آر کا کہا تھا کہ کارروائی میں دہشت گردوں کے 8 ٹھکانے بھی تباہ کیے گئے۔
علاوہ ازیں جنوبی وزیرستان کی تحصیل تیارزہ میں سیکیورٹی فورسزکی گاڑی بارودی سرنگ سے ٹکرا گئی ۔
ڈان نیوز کے مطابق دھماکے سے سات اہلکار زخمی ہوئے۔
قبل ازیں اپر کرم ایجنسی میں فرنٹیئر کور (ایف سی) کی چیک پوسٹ کے قریب سرحد پار سے تین راکٹ فائر کیے گئے۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق نامعلوم سمت سے کیے گئے اس حملے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔
بعد ازاں کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) کی جانب سے اس حملے کی ذمہ داری قبول کی.