آئندہ 15 روز 'انتہائی اہم'، ایم کیو ایم
کراچی: متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی نے پارٹی قائد الطاف حسین کا حوالہ دیتے ہوئے عوام سے اپیل کی ہے کہ 'وہ آئندہ 15 یوم تک انتہائی احتیاط، ہوش مندی کے ساتھ گزاریں اور نہ صرف اپنی آنکھیں بلکہ اپنا ذہن بھی کھلا رکھ کر آمد ورفت کریں'۔
رابطہ کمیٹی نے ایک جاری بیان میں کہا کہ عوام ضروری ادویات کے علاوہ اپنے گھروں میں خشک اجناس اور روز مرہ استعمال کی جانے والی اشیاء کا ذخیرہ کرلیں ۔
رابطہ کمیٹی نے عوام کو مخاطب کرتے ہوئے کہاکہ پاکستان میں تواتر کے ساتھ زلزلے آرہے ہیں اور سیاسی ماحول بھی انتہائی غیر یقینی صورتحال سے دوچار ہیں، ان حالات میں اگلے پندرہ روز انتہائی اہم ہیں۔
دوسری جانب، بدھ کی شام سندھ رینجرز نے 'بعض عناصر' کی جانب سے شہر میں خوف و ہراس پھیلانے کا نوٹس لے لیا۔
اپنے ایک اعلامیے رینجرز ترجمان نے کہا کہ قانون نافذ کرنے والے ادارے شہر بھر میں پوری طرح متحرک ہیں اور عوام الناس کی سیکیورٹی یقینی بنانے کے لیے پوری طرح چوکس ہیں۔
رینجرز ترجمان نے کراچی کی پرامن عوام سے گزارش کی کہ وہ قانون نافذ کرنے والے اداروں پر بھروسہ رکھیں اور کسی بھی مشکوک فرد یا سرگرمی کی اطلاع فوری طور پر رینجرز کو دیں۔