پاکستان

جہلم میں ریلوے ٹریک کے قریب دھماکا

ایک مشتبہ دہشت گرد نے ریلوے ٹریک پر بم نصب کرتے ہوئے خود کو دھماکے سے اڑا لیا، پولیس ذرائع

جہلم: صوبہ پنجاب کے شہر جہلم کے نواح میں ڈومیلی موڑ کے قریب ریلوے ٹریک پر ایک مشتبہ دہشت گرد نے خود کو دھماکے سے اڑالیا.

پولیس ذرائع کے مطابق ایک مقامی شہری نے موٹر وے پولیس کو اطلاع دی کہ ایک 'مشتبہ شخص' جی ٹی روڈ کے قریب ریلوے ٹریک پر بارودی مواد نصب کررہا ہے.

موقع پر پہنچنے پر پولیس کا مشتبہ دہشت گرد سے فائرنگ کا تبادلہ ہوا، جس کے بعد اُس نے خود کو دستی بم کے ذریعے اڑالیا.

پولیس کے مطابق مشتبہ دہشت گرد کے پاس سے 4 دستی بم اور 2 پستول بھی برآمد ہوئے.

ڈسٹرکٹ انفارمیشن آفیسر اویس کی جانب سے بھی واقعے کی تصدیق کردی گئی.

واقعے کے بعد ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او) اور پولیس کی بھاری نفری جائے وقوع پر پہنچ گئی اور علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن کا آغاز کردیا گیا.

سیکیورٹی اداروں کے مطابق مشتبہ دہشت گرد کا حدف راولپنڈی سے لاہور جانے والی پاکستان ایکسپریس تھا.

واضح رہے کہ جہلم کی ضلعی انتظامیہ نے گزشتہ کیں روز سے شہر کے داخلی و خارجی راستوں پر پولیس فورس تعینات کر رکھی تھی کیونکہ شہر کو دہشت گردوں کی جانب سے دھمکیاں مل رہی تھیں۔


آپ موبائل فون صارف ہیں؟ تو باخبر رہنے کیلئے ڈان نیوز کی فری انڈرائیڈ ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔