کراچی والے چنگچی پر گزارا کریں
کراچی پاکستان کا سب سے بڑا شہر ہے، شہرِ قائد جس کی روشنیاں بے مثال ہیں اور رونقیں کمال ہیں۔ پورے ملک سے لوگ روزگار کی تلاش میں کراچی کا رخ کرتے ہیں۔ آبادی کا بڑا حصہ متوسط طبقے سے تعلق رکھتا ہے اور آمد و رفت کا مقبول ترین اور عوامی ذریعہ پبلک ٹرانسپورٹ ہے۔ مسافروں کی بڑی تعداد سفر کے لیے انہی بسوں، مزدا اور کوچز کو ترجیح دیتی ہے۔ اور ان مسافروں میں بڑی تعداد طلبہ و طالبات کی بھی ہے جو مختلف اوقات میں حصول علم کے لیے درسگاہوں کا رخ کرتے ہیں۔
رنگ برنگی، سجی سجائی ان بسوں، کوچز اور مزدا میں سفر کرنے والے بخوبی ان کی حالتِ زار سے آگاہ ہوتے ہیں۔ گنجائش سے زائد سواریاں، کھچا کھچ رش اور جگہ جگہ جھٹکے سے رکتی یہ بسیں عوامی بد حالی اور متعلقہ اداروں کی نا اہلی کا چلتا پھرتا بلکہ دوڑتا ہوا ثبوت ہیں۔
صبح صبح اگر آپ بذریعہ اپنی منزل تک پہنچنا چاہیں گے تو سفر کے دوران آپ کا معقول اور نک سک سے درست حلیہ بڑی حد تک تبدیل ہو جاتا ہے۔ اگر دورانِ سفر آپ کا واسطہ کسی با ذوق ڈرائیور سے پڑ جائے تو یہ اضافی خوبی ہے اور آپ راستے بھر شاندار موسیقی سے لطف اندوز ہو سکتے ہیں۔
حد تو یہ ہے کہ اگر آپ بس میں نشست نہ ملنے کے باعث کھڑے ہو کر سفر کر رہے ہیں تو سہارے اور توازن قائم رکھنے کے لیے کوئی ہینڈل نہ بھی ہو، تب بھی آپ گریں گے نہیں، کیونکہ بس اس قدر بھری ہوئی ہوگی کہ آپ ڈبے میں پیک کیے گئے سامان کی طرح اپنی جگہ جمے ہی رہیں گے.
اس کے علاوہ اگر بس میں گنجائش نہیں تو پریشان نہ ہوں، ایک راستہ بس کی چھت کی جانب بھی جاتا ہے جہاں کھلی فضا میں گرمی سے بلبلاتے ہوئے مسافر حضرات بھی کثرت سے نظر آتے ہیں، جو بلا شبہ جان جوکھوں میں ڈاال کر سفر کرتے ہیں۔
پڑھیے: کچھ نئی 'جنگلہ بس' کے بارے میں
مرد و خواتین سب ہی لوگ بسوں کے ذریعے سفر کو ترجیح دیتے ہیں۔ خواتین کے لیے مختص کی گئی نشستیں انتہائی کم ہوتی ہیں۔ بیش تر اوقات انتہائی پر ہجوم اور مصروف شاہراہوں پر بھی ڈرائیور حضرات ریس لگانے اور اوور ٹیکنگ میں مصروف نظر آتے ہیں اور ایک دوسرے پر سبقت لے جانے کے لیے خود کو ہر قانون سے بری سمجھتے ہیں۔
ایسی صورت میں جب مسافر کھچا کھچ بھرے ہوتے ہیں بلکہ چھتوں پر بھی سوار ہوتے ہیں، ڈرائیور حضرات موبائل فون کا آزادانہ استعمال کر کے نہ صرف حادثات کو دعوت دیتے ہیں بلکہ اپنے ساتھ تمام مسافروں کی زندگی کو بھی داؤ پر لگا دیتے ہیں۔
کراچی کی 2 کروڑ سے زائد آبادی کی سفری سہولیات کے لیے ٹرانسپورٹ کی موجودہ تعداد ناکافی ہے۔ ایک رپورٹ کے مطابق ان کو سفری سہولیات کی فراہمی کے لیے محض 9 ہزار کے قریب بسیں ہیں جبکہ شہری انتظامیہ کے مطابق ٹرانسپورٹ کی کمی کو فوری طور پر پورا کرنے کے لیے 8 ہزار 600 اضافی اور بڑی بسیں درکار ہیں۔
قیامِ پاکستان کے وقت شہر میں ٹرام کا نظام بھی موجود تھا جسے بڑھتی آبادی کے باعث محدود کرتے کرتے ختم کر دیا گیا اور منی بسوں کے ذریعے اس کمی کو پورا کرنے کی کوشش کی گئی۔ تاہم جوں جوں کراچی کی آبادی بڑھتی گئی، ملک کے کونے کونے سے روزگار کی خاطر آنے والے افراد نے جہاں کراچی کی آبادی بڑھائی، تو آبادی کے تناسب سے میسر وسائل کا تناسب بگڑ گیا جس میں ٹرانسپورٹ کی کمی بھی شامل ہے۔
بد قسمتی سے اس کمی کو پورا کرنے کے لیے کبھی کوئی حقیقی اور سنجیدہ نوعیت کا منصوبہ نہیں شروع کیا گیا۔ ماضی میں یو ٹی ایس اور گرین بس کے نام سے بھی ٹرانسپورٹ اسکیم شروع کی گئیں لیکن باقاعدہ نظام اور سر پرستی نہ ہونے کے باعث ان منصوبوں پر بھی دھول پڑ گئی۔
کچھ عرصہ پہلے چنگچی رکشوں کو بھی سڑک پر لایا گیا جو اپنے کم کرایوں کی وجہ سے چھوٹے روٹس پر سفر کرنے والے عوام کے لیے بڑی سہولت تھے۔ اسی سفر کے جس کے رکشے والے 150 سے 200 روپے لیتے ہیں، چنگچی رکشوں میں وہی سفر 15 سے 20 روپے میں ہوجاتا تھا۔ لیکن ٹریفک کے اژدھام اور ہزاروں کی تعداد میں ڈولتے چنگچی رکشوں نے شہرِ قائد کی سڑکوں کا نقشہ بدل کر حادثات کا گراف اونچا کردیا جس کے باعث سندھ ہائیکورٹ نے ان پر پابندی عائد کردی تھی۔
پڑھیے: جہنم کی چنگچی
لیکن ابھی چند دن قبل سپریم کورٹ نے چنگچی رکشوں کو سڑکوں پر لانے کی مشروط اجازت دے کر غریب عوام کو خوش کردیا ہے لیکن یہ خوشی محض وقتی ہے کیونکہ اتنی کثیر آبادی کو سفری سہولیات بہم پہنچانے کے لیے سنجیدہ نوعیت کے اقدامات کی ضرورت ہے۔
کیا چنگچی رکشوں کی بحالی سے بڑھ کر کوئی قدم نہیں اٹھایا جاسکتا؟ بالکل ایسا ممکن ہے لیکن یہ معزز عدلیہ کا نہیں بلکہ منتخب شدہ حکومت کا فرض ہے کہ وہ عوام کا حق ان تک پہنچائے۔ ایک ایسا شہر جو 70 فیصد ریونیو دے کر ملک کی معیشت کو مضبوط سہارا دیتا ہے کیا اس کے شہری میٹرو بس سروس یا اورنج ٹرین جیسی سفری سہولیات کے حقدار نہیں؟ اگر لاہور میں یہ منصوبے کامیاب ہوسکتے ہیں تو کراچی کے لیے کیوں نہیں؟
پبلک ٹرانسپورٹ کا مناسب انتظام نہ ہونے کی وجہ سے لوگ اپنی ذاتی گاڑیاں اور موٹرسائیکلیں خریدنے پر مجبور ہیں، جس کی وجہ سے سڑکوں کی گنجائش ختم ہوتی جا رہی ہے۔ ہر دوسرا شخص اپنی ذاتی سواری لے کر سڑک پر چل رہا ہے جس کی وجہ سے ٹریفک جام معمول ہے۔ سڑکیں کشادہ کرنے کی بھی ایک حد ہے، جس کے بعد مزید کشادگی کی گنجائش نہیں رہتی۔ اور کراچی کے لیے اب یہ گنجائش اگر ختم نہیں تو بہت کم رہ گئی ہے۔ اب سڑکوں پر بڑھتی ٹریفک کا حل صرف پبلک ٹرانسپورٹ کو اس حد تک بہتر بنانا ہے کہ لوگ اپنی گاڑی کے بجائے پبلک ٹرانسپورٹ میں سفر کو ترجیح دیں۔