شمالی کوریا کا ہائیڈروجن بم تجربے کا دعویٰ
ہائیڈروجن بم کا پہلا کامیاب تجربہ مقامی وقت کے مطابق صبح 10 بجے کیا گیا، سرکاری ٹی وی
سیول: شمالی کوریا نے ہائیڈروجن بم کے پہلے کامیاب تجربے کا دعویٰ کیا ہے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے 'اے ایف پی' نے شمالی کوریا کے سرکاری ٹی وی کی رپورٹ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ہائیڈروجن بم کا پہلا کامیاب تجربہ مقامی وقت کے مطابق پنجری کے مقام پر صبح 10 بجے کیا گیا، جو حکمراں جماعت 'ورکرز پارٹی' کی دفاعی حکمت عملی کا تعین کرتا ہے۔
ہائیڈروجن بم کے تجربے کے بعد شمالی کوریا کے حکام کا کہنا تھا کہ وہ امریکا کی سفاکانہ پالیسیوں سے بچنے کے لیے اپنے جوہری پروگرام کو مزید طاقتور بنانے کا عمل جاری رکھیں گے۔
شمالی کوریا کی سرکاری نیوز ایجنسی کے ذریعے حکومتی بیان میں کہا گیا کہ جب تک امریکا اپنے جارحانہ موقف سے باز نہیں آتا، شمالی کوریا اپنے جوہری پروگرام سے دست بردار نہیں ہوگا۔