دنیا

ایئر بیس حملہ: ہندوستان نے ’خامیوں' کا اعتراف کرلیا

ہندوستانی وزیر دفاع منوہر پاریکر نے تسلیم کیا ہے کہ ’بلائنڈ اسپاٹس‘ اور ’کچھ خامیاں‘ پٹھان کوٹ حملے کا سبب بنیں.

نئی دہلی: ہندوستانی وزیر دفاع منوہر پاریکر نے تسلیم کیا ہے کہ ’بلائنڈ اسپاٹس‘ اور ’کچھ خامیاں‘ پٹھان کوٹ حملے کا سبب بنی ہیں.

ہندوستانی فوج کے سربراہ جنرل دلبیر سنگھ سہاگ کے ہمراہ پٹھان کوٹ ایئر بیس پر پریس کانفرنس کرتے ہوئے منوہر پاریکر نے کہا کہ دہشت گردوں کے پاس اے-کے 47 گنیں، گنوں کی بیرل کے ساتھ منسلک گرینیڈ لانچر، چاقو، سوئس چاقو، کمانڈو چاقو، 40 سے 50 کلو گولیاں اور 4 درجن میگزین تھے۔

انھوں ںے کہا کہ دہشت گرد گنوں کی بیرل کے نیچے لگے گرینیڈ بیرل کے ذریعے مارٹر پھینکتے رہے۔ دو دہشت گردوں کی لاشیں بری طرح جلی ہوئی ملیں ہیں اور ان کے جسم کے حصے دو مختلف مقامات سے اکٹھے کیے گئے۔

مزید پڑھیں: پٹھان کوٹ حملہ: پاکستان سے فوری کارروائی کا مطالبہ

ہندوستانی وزیر کا کہنا تھا کہ نیشنل انویسٹی گیشن ایجنسی نے مختلف جسمانی عضا کے 2 بار ڈی این اے ٹیسٹ کرنے کے بعد تصدیق کی ہے کہ 6 دہشت گرد ہلاک ہوئے۔

پٹھان کوٹ ائیر بیس حملے کے حوالے سے ہونے والی حالیہ پیش رفت میں سی این این-آئی بی این نیوز چینل نے اپنی ایک رپورٹ میں اس خدشے کا اظہار کیا کہ سابق ہندوستانی ایئر فورس افسر نے پاکستانی خاتون کو ائیر بیس کی تفصیلات فراہم کی تھیں۔

نامعلوم ذرائع کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ پٹھان کوٹ ایئربیس سے تعلق رکھنے والے فضائی افسر سنیل کمار کو 2014 میں ایک خاتون کو ایئر بیس کی تفصیلات فراہم کرنے کے الزام میں گرفتار کیا گیا ہے۔ ان پر الزام ہے کہ انھوں نے مینا رائنا کو ایک معلوماتی ای میل بھیجی تھی جو ان کی گرفتاری کی وجہ تھی۔

یہ بھی پڑھیں: خارجہ سیکریٹری مذاکرات:ہندوستان کا دوبارہ غور کا عندیہ

رپورٹ کے مطابق ’پاکستانی خاتون کو تفصیلات فراہم کرنے کے عوض میں سنیل کو رقم ادا کی گئی۔ تاہم، تفتیش کاروں نے مقررہ وقت میں ان کے خلاف چارج شیٹ دائر نہیں کی‘۔

واضح رہے کہ مذکورہ چینل کا دعویٰ ہے کہ گزشتہ دو ماہ کے دوران ہندوستان فوج کے 14 افسران کو جاسوسی کے الزام میں گرفتار کیا جاچکا ہے۔

رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ انھوں نے مبینہ طور پر رقم اور نوکری کے بدلے میں گوالیار کے آرمی بیس، بٹنڈا اور جیسلمیر کے ایئر بیسز کی معلومات فراہم کی ہیں۔

خیال رہے کہ گزشتہ ہفتے ہندوستانی پنجاب میں پٹھان کوٹ کے ایئر بیس پر 6 دہشت گردوں نے حملہ کردیا تھا.

یاد رہے کہ ہندوستان نے مذکورہ حملے کی ذمہ داری پاکستان میں موجود ایک کالعدم تنظیم جیش محمد پر عائد کی ہے اور پاکستانی حکام کو اس حملے کے حوالے سے کچھ اہم معلومات فراہم کرتے ہوئے ان افراد کے خلاف فوری کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔

یہ خبر 6 جنوری 2016 کو ڈان اخبار میں شائع ہوئی۔


آپ موبائل فون صارف ہیں؟ تو باخبر رہنے کیلئے ڈان نیوز کی فری انڈرائیڈ ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔