'پٹھان کوٹ ایئربیس میں تمام 6 حملہ آور ہلاک'
پٹھان کوٹ: ہندوستان کے وزیر دفاع منوہر پاریکر نے دعوی کیا کہ سیکیورٹی فورسز نے پٹھان کوٹ ایئر بیس پر حملہ کرنے والے چھٹے اور آخری عسکریت پسند کو ہلاک کر دیا ہے۔
منوہر پاریکر نے واضح نہیں کیا کہ آپریشن ختم ہو گیا کیونکہ فوجی تاحال ایئر بیس کی تلاشی جاری رکھے ہوئے ہیں۔
پاریکر یہ بتانے سے بھی قاصر رہے کہ آخر کس طرح مٹھی بھر مسلح حملہ آوروں نے تقریباً چار روز تک انڈیا کی ایک بڑی ائیر بیس کو مفلوج بنائے رکھا۔
وزیر دفاع مصر ہیں کہ سیکیورٹی فورسز نے ’قابل تعریف‘ کام کیا۔
جائے وقوعہ کا دورہ کرنے کے بعد صحافیوں سے گفتگو میں پاریکر نے کہا ’مجھے انٹیلی جنس میں کچھ خلا نظر آیا، جسے ہم تحقیقات مکمل ہونے کے بعد ہی سمجھ سکیں گے۔مجھے نہیں لگتا کہ ہم نے سیکیورٹی خطرے میں ڈالی‘۔
انہوں نے بتایا کہ ایئربیس وسیع و عریض علاقے پر مشتمل ہے اور اس میں کچھ مقامات پر جنگلات کی وجہ سے حملہ آوروں کو جلدی نشانہ بنانے میں وقت لگا۔
خیال رہے کہ انڈین حکام نے پہلے ہی پٹھان کوٹ پر ممکنہ حملے سے متعلق خبردار کرتے ہوئے کمانڈوز کو بھجوا دیا تھا۔
پاریکر نے کہا کہ عسکریت پسندوں کے ہتھیاروں میں اے کے-47، راکٹ لانچرز، مارٹر گولے، پستول اور 60-50 کلوگرام کا گولہ بارود موجود تھا۔
واضح رہے کہ آپریشن کے دوران اب تک 7 سیکیورٹی اہلکار بھی ہلاک ہوچکے ہیں۔