پاکستان

'انسداد دہشت گردی: انڈیا کی فراہم کردہ معلومات پر کام جاری'

پٹھان کوٹ حملے کی سخت مذمت، انسداد دہشت گردی کیلئے انڈیا سے مسلسل رابطے میں ہیں، دفتر خارجہ.

اسلام آباد: پاکستان نے کہا ہے کہ خطے میں ’دہشت گردی سے موثر انداز میں نمٹنے اور اس کے خاتمے کیلئے وہ انڈین حکومت کی فراہم کردہ معلومات‘ پر کام کر رہا ہے۔

پیر کو دفتر خارجہ نے ایک بیان میں کہا کہ پاکستانی حکومت اپنے وعدوں کے مطابق اس مسئلے پر مسلسل نئی دہلی سے رابطے میں ہے۔

دفتر خارجہ کے ترجمان قاضی خلیل اللہ نے پٹھان کوٹ میں انڈین ایئربیس پر دہشت گردوں کے حملے کی سخت الفاظ میں مذمت کی۔

’ہم اس سانحہ میں اپنے عزیزوں کو کھونے والے خاندانوں کے درد کو سمجھ سکتے ہیں، کیونکہ پاکستان خود دہشت گردی کا بڑا نشانہ رہا ہے‘۔

انہوں نے کہا ’ہم انڈیا کی حکومت اور عوام سے انتہائی دکھ اور ہمدری کا اظہار کرتے ہیں‘۔

قاضی خلیل اللہ کے مطابق، پاکستان اور انڈیا کا ماضی مشترک ہے اور دونوں کو دیرپا مذاکراتی عمل پر کاربند رہنا چاہیے۔

’دہشت گردی کا چیلنج ہم سے تعاون پر مبنی نقطہ نظر کے عزم کو مضبوط بنانے کا تقاضا کرتا ہے‘۔


آپ موبائل فون صارف ہیں؟ تو باخبر رہنے کیلئے ڈان نیوز کی فری انڈرائیڈ ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔