کراچی: جماعت اسلامی، پی ٹی آئی قائدین کو شکست، متحدہ آگے
کراچی: کراچی کے بلدیاتی انتخابی معرکے میں بڑے بڑے برج الٹ گئے۔
بلدیاتی انتخابات کے تیسرے مرحلے میں کراچی کے 6 اضلاع اور پنجاب کے 12 اضلاع میں غیر سرکاری اور غیر حتمی نتائج آنے کا سلسلہ جاری ہے۔
کراچی کے چھ اضلاع میں اب تک سامنے آنے والے غیر سرکاری اور غیر حتمی نتائج میں ایم کیو ایم کو دوسری پارٹیوں پر واضح برتری حاصل ہے۔
پاکستان پیپلزپارٹی کراچی کے صدر نجمی عالم، جماعت اسلامی کراچی کے امیر حافظ نعیم الرحمان اور پاکستان تحریک انصاف کراچی کے صدر علی زیدی شکست کھا گئے جبکہ متحدہ قومی موومنٹ کے تمام سینئر سیاست دانوں مثلاً وسیم اختر اورریحان ہاشمی نے میدان مارلیا۔
پی ٹی آئی نے کراچی میں اپنی شکست تسلیم کرلی۔ پی ٹی آئی رہنما عارف علوی نے اپنے ٹوئٹر پیغام میں کہا ’ایم کیو ایم نے کراچی کی بیشتر نشستیں حاصل کی ہیں، وہ اس کامیابی پر ایم کیو ایم کو مبارک باد دیتے ہیں‘۔
دوسری جانب پنجاب کے 12 اضلاع میں پولنگ ختم ہونے کے بعد ووٹوں کی گنتی جاری ہے اور اب تک ظاہر ہونے والے نتائج کے مطابق حکمران جماعت پاکستان مسلم لیگ آگے ہے۔
آج صبح ساڑھے 7 بجے سے شام ساڑھے 5 بجے تک بلاتعطل جاری رہنے والی پولنگ کے دوران کئی مقامات پر ہاتھا پائی اور پرتشدد واقعات رپورٹ ہوئے۔
پولنگ کے دوران کراچی کے مختلف علاقوں میں پرتشددواقعات میں بارہ افرادزخمی ہوئے۔
پنجاب میں لڑائی جھگڑے کے تیرہ واقعات میں پندرہ افراد زخمی ہوئے، جبکہ بیس مقدمات درج کر کے سینتیس افراد کو گرفتار کر لیا گیا۔
پنجاب
پنجاب کے 12 اضلاع راولپنڈی، سیالکوٹ، ملتان، راجن پور، ڈیرہ غازی خان، مظفر گڑھ، جھنگ، لیہ، نارووال، رحیم یار خان، بہاولپور اور خوشاب میں پولنگ ہوئی۔
ان اضلاع کے ایک کروڑ 78 لاکھ سے زائد مرد اور خواتین ووٹرز اپنا حق رائے دہی استعمال کرتے ہوئے تقریباً سوا 5 ہزار بلدیاتی نمائندوں کا انتخاب کر رہے ہیں.
بلدیاتی انتخابات کے تیسرے مرحلے کے لیے ان 12 اضلاع میں 14 ہزار 470 پولنگ اسٹیشنز قائم کیے گئے جبکہ عدالتی معاملات کی وجہ سے ضلع راولپنڈی کی 16 یونین کونسلوں میں پولنگ نہیں ہوئی۔
پنجاب کے 12 اضلاع میں 18 چیئرمین اور وائس چیئرمین الیکشن سے پہلے ہی منتخب ہوچکے ہیں۔ یونین کونسل کے لیے جنرل نشستوں پر 520 امیدواروں کو بلامقابلہ منتخب قرار دے دیا گیا۔