پاکستان

اسلام آباد : کل پہلی بار بلدیاتی انتخابات ہوں گے

6لاکھ77ہزار ووٹرز 50یونین کونسلز میں 650بلدیاتی نمائندوں کا انتخاب کریں گے، سب سے زیادہ امیدوار مسلم لیگ (ن) نے کھڑے کیے
|

اسلام آباد: وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں پہلی بار بلدیاتی انتخابات پیر کو ہو رہے ہیں، جس کی تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔

پیر30 نومبر کو ہونے والے الیکشن میں6لاکھ 76ہزار 795ووٹر آئندہ 4سال کے لیے بلدیاتی نمائندے منتخب کریں گے۔

اسلام آباد میں کل 50 یونین کونسلز ہیں جن میں دیہی اور شہری یوسیز شامل ہیں جن میں 650 نشستوں پر الیکشن ہو رہے ہیں۔

ان نشستوں میں 50 چیئرمین، 50ڈپٹی چیئرمین اور 300 کونسلرز کی نشستیں شامل ہیں۔

بلدیاتی نظام میں خواتین کے لیے 100 نشستیں، مزدوروں کی 50 نشستیں، نوجوانوں کی 50 جبکہ اقلیتوں کی 50 نشستیں ہیں۔

اسلام آباد کی ہر یوسی میں 13ارکان ہوں گے جن کے انتخاب کیلئے ہر ووٹر 6 ووٹ ڈالے گا۔

اسلام آباد کی 650 نشستوں پر سب سے زیادہ امیدواروں کو مسلم لیگ (ن) نے ٹکٹ جاری کیے ہیں جن کی تعداد 506 ہے۔

دوسرے نمبر پر پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے 479 امیدوار کھرے کیے ہیں۔

جماعت اسلامی نے 164 امیدواروں کو ٹکٹ جاری کیے ہیں جبکہ پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) 81 امیدوار میدان میں اتارے ہیں، دیگر جماعتوں کے 205 امیدوار الیکشن لڑ رہے ہیں۔

اسلام آباد میں آزاد امیدواروں کی 972 ہے۔

پولنگ کا عمل 7 بجے صبح سے ساڑھے 5 بجے شام جاری رہے گا۔

شہری 6 رنگ کے بیلٹ پیپرز کے ذریعے ووٹ کاسٹ کریں گے، جن میں چیئرمین اور وائس چیئرمین کے لیے سبز رنگ، کونسلر کے لیے سفید رنگ، خواتین کے لیے گلابی رنگ، نوجوانوں کے لیے گرے رنگ، مزدور کے لیے خاکی اور اقلیتی نمائندے کے لیے پیلے رنگ کا بیلٹ پیپر استعمال کریں گے۔