دنیا

17 روز میں 37 فلسطینی قتل

غزہ میں آنسو گیس اورفائرنگ سے جمعہ کے روز بھی 2 فلسطینی ہلاک اور 98افراد زخمی ہوئے تھے، وزارت صحت

غزہ: فلسطین کے مغربی کنارے کے علاقے غزہ میں اسرائیلی فورسز نے فائرنگ کرکے مزید دو فلسطینیوں کو قتل اور 98 کو زخمی کردیا ہے۔

خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق وزارت صحت کے ترجمان اشرف نے بتایا کہ غزہ کے شمالی حصے بیت الحنون کراسنگ کے قریب اسرائیلی فوج نے 22 سالہ فلسطینی نوجوان یحیٰ عبدالقادر فرحت کے سر میں گولی مار دی، جس سے وہ ہلاک ہوگیا۔

دوسرے فلسطینی نوجوان 22 سالہ محمد حمادیہ کو سرحدی علاقے میں فائرنگ کرکے قتل کیا گیا۔

وزارت صحت کے مطابق آنسو گیس اور فائرنگ کے باعث 98 فلسطینی زخمی بھی ہوئے ہیں۔

رواں ماہ کے آغاز سے اب تک اسرائیلی فورسز کی فائرنگ سے 37 فلسطینی ہلاک ہوچکے ہیں۔

جبکہ اسرائیلی فورسز سے جڑپوں میں سینکڑوں فلسطینی زخمی بھی ہوئے ہیں۔

ادھر خبر رساں ادارے کے مطابق حالیہ کشیدگی میں اب تک 7 اسرائیلی فوجی ہلاک اور درجنوں زخمی بھی ہوئے ہیں۔

خیال رہے کہ 1993-1987 اور 2005-2000 کے دوران ہونے والے انتفاضہ میں ہزاروں افراد ہلاک اور ہزاروں زخمی ہوگئے تھے۔