دنیا

چین: کوڑا دان سےمفت انٹرنیٹ کی فراہمی

سیچوان میں ایسا کوڑا دان متعارف کروایا جا رہا ہے جس سے شہری وائی فائی تک رسائی حاصل کر سکیں گے۔
|

چینگدو: چین کے صوبے سیچوان میں ایسا کوڑا دان متعارف کروایا جا رہا ہے جس سے شہری وائی فائی تک رسائی حاصل کر سکیں گے۔

چائنا ریڈیو انٹرنیشنل کی رپورٹ کے مطابق سیچوان کے شہر چینگدو وائی فائی والا کوڑا دان رواں ماہ کے آخر میں متعارف کرویا جائے گا۔

رپورٹ کے مطابق ان کوڑا دانوں سے نہ صرف بلا معاوضہ انٹرنیٹ تک رسائی حاصل ہوسکے گی بلکہ یہ کوڑا دان کوڑا اکٹھا کرنے اور اس کو ٹھکانے لگانے کے حوالے سے بھی کام کرے گا۔

خیال رہے کہ یہ کوڑا دان شمسی توانائی کے حامل ہوں گے جس کے لیے ان کی تہہ میں بیٹری کی تنصیب کی گئی ہے۔

ژنیوا نیٹ کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ بیٹری کے باعث یہ توانائی کو اسٹور کر لیں گے اور 24 گھنٹے ان سے انٹرنیٹ کی فراہمی جاری رہے گی۔

برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی نے اپنی رپورٹ میں بتایا ہے کہ صرف یہی نہیں بلکہ یہ کوڑا دان آگ اور بم پروف بھی ہوں گے۔

کوڑا دان میں جی پی ایس نصب ہو گا جو کہ صفائی کے محکمے کے اہلکاروں کو اس کے بھر جانے پر مطلع کرے گا۔

عمومی طور پر کوڑا دان کچرے کی بدبو کے باعث شہریوں کی پریشانی کا باعث بنتے ہیں لیکن اس کوڑا دان میں ایسا نظام نصب کیا گیا ہے کہ وہ گندگی کی بدبو کو کوڑا دان میں روک سکے اور باہر شہریوں کو پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

5 ملی میٹر کی اسٹیل کی دھات سے بنا چار لیرز پر مشتمل یہ کوڑا دان کو مقامی باشندوں نے 'کنگ کانگ' کا نام دے دیا ہے۔