ہری پور ضمنی الیکشن ن لیگ نے جیت لیا
ہری پور : قومی اسمبلی کے حلقہ این اے-19 (ہری پور) میں ضمنی انتخاب مسلم لیگ نواز کے امیدوار نے جیت لیا.
ڈان نیوز کے مطابق غیر حتمی نتائج کے مطابق این اے انیس ہری پور کا معرکہ ن لیگ کے امیدوار بابر نواز نے ایک لاکھ سولہ ہزار چھ سو چوبیس ووٹ لےکر جیت لیا۔
پاکستان تحریک انصاف کے امیدوار راجہ عامر زمان اٹھہتر ہزار پانچ سو بارہ ووٹ حاصل کرکے دوسرے نمبر پر رہے۔
مجموعی طور پر انتخابی دوڑ میں نو امیدواروں نے حصہ لیا لیکن اصل مقابلہ ن لیگ کے بابرنواز اور پاکستان تحریک انصاف کےراجا عامر زمان کے درمیان تھا۔
اس سے پہلے صبح آٹھ بجے پولنگ شروع ہوئی اور شام پانچ بجے تک کسی وقفے کے بغیر جاری رہی.
یہ ضمنی انتخاب اس لیے بھی اہیت رکھتا ہے کیونکہ پاکستان میں پہلی بار تیس پولنگ اسٹیشنوں پر رائے دہندگان کے شناختی کارڈوں اور انگوٹھوں کی بایو میٹرک تصدیق کا انتظام بھی کیا گیا تھا۔
ڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفیسر (ڈی آر او) ولی الرحمٰن کا کہنا ہے کہ ضمنی انتخاب میں بائیو میٹرک سسٹم کا جائزہ لینے کے بعد عام انتخابات میں اس سے فائدہ اٹھایا جائے گا۔
ڈی آر او کے مطابق حلقے کے 30 پولنگ اسٹیشنز پر بائیو میٹرک سسٹم نصب کیا گیا۔
حلقے کے بائیو میٹرک سسٹم کے تحت 30 پولنگ اسٹیشنز میں 36 ہزار ووٹرز ووٹ ڈالیں گے۔
ہری پور کے حلقہ این اے-19 میں رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد 5 لاکھ 77 ہزار 480 ہے۔
این اے – 19 کے 513 پولنگ اسٹیشنز میں سے 42 کو حساس ترین اور 209 کو حساس قرار دیا گیا تھا۔
پُرامن الیکشن کے انعقاد کے لیے پولیس کے ساتھ پاک فوج کے جوان بھی تعینات رہے جبکہ ضلعی انتظامیہ نے دفعہ 144 نافذ کرکے اسلحے کی نمائش پر پابندی عائد کی۔
دوسری جانب ڈان نیوز کے مطابق ہری پور میں تحصیل غازی کے علاقے امازئی کے 10 پولنگ اسٹیشنز میں خواتین کو ووٹ ڈالنے سے روک دیا گیا.
قبائلی افراد کی جانب سے خواتین کو ووٹ ڈالنے سے روکا گیا.
ایک پولنگ اسٹیشن میں ایک مسلح شخص کو بھی حراست میں لیا گیا.
پولیس کے مطابق پرالہ کے پولنگ اسٹیشن نمبر 194 سے مشکوک شخص کو اسلحے سمیت حراست میں لیا گیا.
یاد رہے کہ مئی 2013ء کے عام انتخابات کے دوران اس حلقہ انتخاب سے مسلم لیگ نواز کے امیدوار عمر ایّوب نے کامیابی حاصل کی تھی۔
یہ بھی پڑھیں : ہری پور این اے-19 پر دوبارہ انتخابات کا حکم
بعد میں اس حلقے میں دوبارہ گنتی کے کی گئی اور ان کے حریف پاکستان تحریک انصاف کے راجہ عامر زمان کو کامیاب قرار دیا گیا۔
جنوری 2014ء کے اواخر میں عمر ایوب خان نے این اے-19 کی نشست پر انتخابات میں کامیابی حاصل کی، انہوں نے 7 پولنگ اسٹیشنوں پر عامر زمان خان کے خلاف 2852 ووٹ لے کر کامیابی حاصل کرلی، عامر زمان نے 2263 ووٹ حاصل کیے تھے۔
واضح رہے کہ ان پولنگ اسٹیشنوں پر 2013ء کے عام انتخابات کے دوران عوام اپنے ووٹ کاسٹ نہیں کرسکے تھے۔
تاہم راجہ عامر زمان نے ان نتائج کو ایک انتخابی ٹریبیونل میں چیلنج کردیا تھا۔
اس ٹریبیونل کی جانب سے عمر ایوب کو کامیاب امیدوار قرار دیے جانے کے بعد عامر زمان نے اس انتخابی ٹریبیونل کے خلاف سپریم کورٹ سے رجوع کیا۔
ابتدائی سماعت کے بعد سپریم کورٹ نے ٹریبیونل کے فیصلے کو معطل کردیا۔
نظرثانی کی ایک درخواست کے تحت اس مقدمے کی سماعت کے بعد سپریم کورٹ نے ہری پور کے حلقہ انتخاب این اے-19 میں دوبارہ انتخاب کا حکم جاری کیا تھا۔