گوادر کو خطے کا مرکز بنائیں گے، وزیراعظم
ہری پور: وزیراعظم نواز شریف کا کہنا ہے کہ گوادر بندرگاہ کو بین الاقوامی پورٹس کی طرز پر بنانے کا منصوبہ ہے اور اس کو خطے کا مرکز بنایا جائے گا۔
ڈان نیوز کے مطابق ہزارہ موٹر وے کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ پاک چین اقتصادی راہداری سے خطے کے عوام کو فائدہ پہنچے گا اور اس سے علاقے میں اسکول، کالج، یونیورسٹیز اور اسپتال بنیں گے۔
نواز شریف نے ہزارہ موٹر وے کو دسمبر 2016 تک مکمل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ یہ موٹر وے 6 رویہ ہے۔ انھوں نے کہا کہ منصوبے پر تیزی سے کام جاری ہے اور حویلیاں سے مانسہرہ تک دوسرے مرحلے کا سنگ بنیاد بھی جلد رکھا جائے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ تیسرے مرحلے میں مانسہرہ سے تھاکوٹ 4 رویہ سڑک تعمیر کی جائے گی۔
وزیراعظم نے کہا کہ کراچی سے حیدرآباد موٹر وے پر کام شروع کردیا گیا ہے جبکہ لاہور سے کراچی موٹر وے کی سنگ بنیاد بھی جلد رکھنے والے ہیں جسے تین سالوں میں مکمل کرنے کی ہدایات کردی ہیں۔
انھوں نے کہا کہ گوادر سے کوئٹہ، ژوب اور ڈیرہ اسماعیل خان تک بھی موٹروے بنائیں گے جبکہ گلگت بلتستان اور کے پی کے میں بھی موٹروے اور ہائی ویز بنانے کا منصوبہ ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ خنجراب سے اسلام آباد سڑک بننے سے گلگت بلتستان میں خوشحالی آئے گی جبکہ ملک میں بجلی اور گیس کے منصوبوں پر بھی کام ہورہا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ نیشل ہائی وے اتھارٹی تیزی کے ساتھ منصوبوں کی تکمیل کے لیے کام کررہے ہیں اور موٹرویز سے خطے کے ممالک کے درمیان مواصلاتی رابطوں کو مضبوط کریں گے۔
وزیراعظم نواز شریف نے مزید کہا کہ رواں سال سڑکوں کی تعمیر کے لیے 112 ارب روپے مختص کئے ہیں اور ان سڑکوں کی تعمیر سے ملک میں معاشی انقلاب آئے گا۔