چکوال میں تیل کے ذخائر دریافت
اسلام آباد: آئل اینڈ گیس ڈیویلپمنٹ کمپنی لیمیٹد (اوجی ڈی سی ایل) نے چکوال میں تیل کے ذخائر دریافت کرلیے جن سے ابتدائی طور پر 180 بیرل یومیہ خام تیل کی پیداوار شروع کی جائے گی۔
ڈان نیوز نے ترجمان اوجی ڈی سی ایل کے حوالے سے بتایا کہ چکوال میں چک نورنگ ساوتھ 1 سے تیل کے ذخائر دریافت کئے گئے ہیں۔ کنویں کی کھدائی 3220 میٹر تک کی گئی۔
مزید پڑھیں: جہلم کے قریب تیل کا ایک بڑا ذخیرہ دریافت
ترجمان نے بتایا کہ ابتدائی طور پر 180 بیرل یومیہ خام تیل جیٹ پمپ کے ذریعے حاصل کیا جائے گا۔
ترجمان کے مطابق کنویں کی کھدائی اور ساخت کے لئے مکمل طور او جی ڈی سی ایل کے ماہرین پر انحصار کیا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: پاکستان میں شیل گیس اور تیل کے وسیع ذخائر کا انکشاف
تیل کی اس دریافت سے ملکی تیل کے ذخائر میں خاطر خواہ اضافہ ہو گا اور ملکی معیشت پر انتہائی خوشگوار اثرات مرتب ہوں گے۔
خیال رہے کہ تقریباً چار ماہ قبل اوجی ڈی سیٕ ایل نے سندھ میں خام تیل کا ایک بڑا ذخیرہ دریافت کرنے کا دعویٰ کیا تھا۔
ترجمان نے ڈان کو بتایا تھا کہ یہ دریافت ملک کے تیل کے ذخائر میں ایک اہم اضافہ ہوگی۔
تیل کی ملکی پیداوار تقریباً 80 ہزار بیرل روزانہ ہے، جبکہ اوجی ڈی سی روزانہ چھیالیس ہزار بیرل تیل روزانہ پیدا کررہی ہے۔