پاکستان

گوادر کو دیگر حصوں سے منسلک کرنے کیلئے سڑکوں کی تعمیر

ایف ڈبلیو او نے گوادر بندرگاہ کو ملک کے دیگر حصوں سے منسلک کرنے کے لیے 500 کلو میٹر طویل سڑکیں تیار کرلی ہیں۔

راولپنڈی: فرنٹیئر ورکس آرگنائزیشن (ایف ڈبلیو او) نے گوادر بندرگاہ کو ملک کے دیگر حصوں سے منسلک کرنے کے لیے 500 کلو میٹر طویل سڑکیں تیار کرلی ہیں۔

ایک اعلامیے میں بتایا گیا کہ ایف ڈبلیو او نے یہ چیلنج گوادر کو ملک کے دیگر حصوں سے منسلک کرنے کے بعد ملنے والے فوائد کو مدنظر رکھتے ہوئے قبول کیا جس کے دوران مشکل پہاڑی راستوں اور ناقابل رسائی علاقوں میں سڑکیں بنائی گئیں۔

ایف ڈبلیو او کے مطابق یہ مشکل ترین کام چیف آف آرمی اسٹاف جنرل راحیل شریف کی ہدایت پر کیا گیا۔

اعلامیے کے مطابق منصوبہ اب پاک چین اقتصادی راہداری منصوبےکا حصہ بن چکا ہے جس کے لیے افرادی قوت اور آلات کو متحرک کرنے میں غیر معمولی کوششیں کی گئیں۔

اعلامیے میں بتایا گیا کہ منصوبہ ڈیڑھ سال میں مکمل ہوگیا جبکہ اس میں چھ فوجی اہلکار اور دس سویلینز ہلاک جبکہ دیگر 29 زخمی بھی ہوئے۔

ان سڑکوں کے تعمیر کے بعد گوادر بندرگاہ انڈس ہائی وے، ڈیرہ اسماعیل خان اور چمن منسلک ہوجائے گی۔