پاکستان

آسیہ بی بی کی سزائے موت پر عملدر آمد مؤخر

توہین رسالت کیس میں سپریم کورٹ نے پھانسی کی سزا پانے والی آسیہ بی بی کی اپیل سماعت کے لیے منظور کرلی ہے۔

لاہور: سپریم کورٹ نے توہین رسالت کیس میں موت کی سزا پانے والی خاتون آسیہ بی بی کی اپیل سماعت کے لیے منظور کر لی ہے۔

ڈان نیوز کے مطابق سپریم کورٹ کے تین رکنی فل بینچ نے لاہور رجسٹری میں آسیہ بی بی کی اپیل کی سماعت کے دوران اس کی موت کی سزا پر تاحکم ثانی عملدرآمد روکتے ہوئے استغاثہ کو شواہد پیش کرنے کی ہدایت بھی کردی ہے۔

آسیہ بی بی کے وکیل نے اپیل میں موقف اختیار کیا ہے کہ ان کی موکلہ نے کسی موقع پر بھی توہین رسالت کی جسارت نہیں کی بلکہ مقامی افراد نے ذاتی رنجش کی بنیاد پر اس کے خلاف جھوٹا الزام لگایا۔

آسیہ بی بی کی جانب سے عدالت سے استدعا کی گئی ہے کہ اس کی سزا کو کالعدم قرار دیتے ہوئے بری کیا جائے۔

یاد رہے کہ آسیہ بی بی کو توہین رسالت کیس میں شیخوپورہ کی مقامی عدالت نے 2010ء میں موت کی سزا سنائی تھی، جسے بعد میں لاہور ہائی کورٹ نے بھی برقرار رکھا تھا۔