پاکستان

پاک چین گیس پائپ لائن منصوبے پر کام شروع

وفاقی وزیربرائے پیٹرولیم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ ایل این جی کی درآمد کیلئے700 کلومیٹر پائپ لائن تعمیر کی جائے گی۔

اسلام آباد: ریڈیو پاکستان کی ایک رپورٹ کے مطابق پٹرولیم و قدرتی وسائل کے وفاقی وزیر شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ چین سے مایع قدرتی گیس (ایل این جی) کی درآمد کے لیے 700 کلومیٹر طویل پائپ لائن کی تعمیر پر کام شروع کررہا ہے۔

وائس آف امریکا سے بات کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ اس منصوبے کے لیے پاکستان اور چین دونوں مشترکہ طور پر فنڈز فراہم کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ گوادر کی بندرگاہ کو پاک چائنا اقتصادی راہداری کے لیے ایک مرکزی حب کےطور پر استعمال کیا جائے گا، جس سے چین کے مغربی حصے کو پاکستان کے ذریعے گرم پانیوں تک رسائی حاصل ہوسکے گی۔

شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ اس منصوبے کے سلسلے میں چین کی سرمایہ کاری پاک ایران گیس پائپ لائن منصوبے کی تکمیل کے سلسلے میں پاکستان کے لیے مفید ثابت ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ ایران سے گیس کی درآمد کے ذریعے پاکستان اپنے توانائی کے بحران پر قابو پانے کی کوشش کررہا ہے، تاہم ایران پر پابندیوں کے نتیجے میں اس منصوبے کی تکمیل میں مشکلات حائل ہوگئی تھیں۔