پاکستان

کراچی: رینجرز کی کارروائی، پاسبان کے عثمان معظم گرفتار

پاسبان کے سیکریٹری جنرل عثمان معظم اور ان کے بیٹے کو گرفتار کرکے رینجرز نے انہیں نامعلوم مقام پر منتقل کردیا۔

کراچی: سندھ کے دارالحکومت کے مختلف علاقوں میں گزشتہ رات رینجرز کی کارروائیاں جاری رہیں، اور پاسبان کے عثمان معظم کو بیٹے سمیت گرفتار کرلیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق فیڈرل بی ایریا، سمن آباد کے علاقے میں رہائش پذیر پاسبان کے جنرل سیکریٹری عثمان معظم کے گھر پر رینجرز کے اہلکاروں نے اچانک چھاپا مارا اور عثمان معظم کو ان کے بیٹے سمیت اپنے ہمراہ لے گئے۔

بتایا جاتا ہے کہ دونوں افراد پوچھ گچھ کے لیے نامعلوم مقام پر منتقل کردیے گئے ہیں۔ تاہم رینجرز حکام نے حراست میں لینے کی وجہ نہیں بتائی ہے۔

دوسری جانب پاسبان کے صدر الطاف شکورنے ایک نجی چینل کو دیے گئے اپنے بیان میں کہا ہے کہ عثمان معظم اور ان کے بیٹے کو کسی وجہ کے بغیر حراست میں لیا گیا ہے، جبکہ وہ بے گناہ ہیں۔

عثمان معظم کی اہلیہ نے مذکورہ ٹی وی چینل کو بتایا کہ ان کے گھر اچانک رینجرز کے بیس پچیس اہلکار دروازہ توڑ کر میں داخل ہوگئے۔ اور کوئی وجہ بتائے بغیر ایک گھنٹے تک گھر کی تلاشی لیتے رہے۔

انہوں نے یہ دعویٰ بھی کیا کہ رینجرز اہلکار ان کے گھر سے تمام موبائل فون بھی لے گئے ہیں۔