پاکستان

'کے الیکٹرک انتظامیہ کو گرفتار کرنا پڑا تو کریں گے'

حکومت سندھ کے الیکٹرک کی ناقص کارکردگی پر قانونی کارروائی کے بارے میں سنجیدگی سے غور کررہی ہے، شرجیل میمن۔

کراچی: وزیر اطلاعات سندھ شرجیل میمن نے پیر کے روز کے الیکٹرک کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ کے الیکٹرک اپنا قبلہ درست کرے، مینجمنٹ کو گرفتار کرنا پڑا تو کریں گے جبکہ حکومت اس کے خلاف کارروائی پر غور کررہی ہے۔

صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکومت سندھ اب کے الیکٹرک کی ناقص کارکردگی پر قانونی کارروائی کے بارے میں سنجیدگی سے غور کررہی ہے ۔

شرجیل میمن نے کہا کہ کے الیکٹرک نے 16 ارب روپے کا منافع کمایا جس کا نصف حصہ بھی بھی اگر انفرااسٹرکچر میں لگادیا جاتا تو شہر کو اس قسم کے مسائل کا سامنا نہ کرنا پڑتا۔

صوبائی وزیر نے اس موقع پر وفاقی حکومت کو بھی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ وہ صرف کراچی ہی نہیں پورے سندھ میں توانائی بحران کو نظر انداز کررہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت کے کے الیکٹرک میں 26 فیصد شیئر ہیں جبکہ کمپنی کے بورڈ میں اس کے تین اراکین موجود ہیں، اس کے باوجود وفاقی حکومت نے بحران کو پوری طرح نظر انداز کیا۔

دوسری جانب سندھ اسمبلی کے اسپیکر آغا سراج درانی نے کہا ہے کہ حکومت سندھ کےالیکٹرک کے خلاف کارروائی کرے جبکہ شہریوں کی اموات پر کے الیکٹرک کے خلاف ایف آئی آر درج ہونی چاہیے۔