زیارت ریزیڈنسی کیس:حربیار مری پر فرد جرم عائد
انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے اگلی سماعت پراستغاثہ کے گواہان کو طلب کرلیا۔
کوئٹہ: انسداد دہشت گردی کی ایک خصوصی عدالت نے قائداعظم ریزیڈنسی حملہ کیس میں جلا وطن بلوچ رہنما حربیار مری سمیت تینتیس ملزمان پر فرد جرم عائد کردی۔
خصوصی عدالت کے جج نوروز خان ہوت نے استغاثہ کے گواہان کو اگلی سماعت پر طلب کرلیا۔
ملزمان پر الزام ہے کہ انہوں نے15 جون 2013کو قائداعظم ریذیڈنسی زیارت کو بموں کے نشانہ بنایا جس سے عمارت کا ایک حصہ مکمل تباہ ہو گیا۔
وفاقی اور بلوچستان حکومتوں نے حملے کا نوٹس لیتے ہوئے سیکیورٹی فورسز کو ہدایت کی تھی کہ ملزمان کو جلد از جلد گرفتار کیا جائے۔
فرنٹئیر کارپس اور پولیس نے واقعہ میں ملوث ایک کالعدم تنظیم کے عسکریت پسندوں کو گرفتار کرنے کا دعوی کیا تھا۔