خضدار میں سیلابی ریلے نے 13 جانیں لے لیں
کوئٹہ: بلوچستان کے ڈسٹرکٹ خضدار میں سیلابی ریلے میں بہہ جانے والے 13 افراد کی لاشیں نکالی جا چکی ہیں جبکہ بقیہ افراد تاحال لاپتہ ہیں۔
لیویز ذرائع کے مطابق گزشتہ رات ایک گاڑی میں سوار 22 افراد خضدارکے ڈسٹرکٹ ودھ سارونہ میں شاہ نورانی کے قریب موسلا دھار بارشوں کے باعث پیدا ہونے والے سیلابی ریلے میں بہہ گئے۔
بلوچستان حکومت کے ترجمان نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ 13 لاشوں کو نکالا جاچکا ہے جبکہ مقامی انتظامیہ اور فرنٹیئر کورپس (ایف سی) کی جانب سے مزید افراد کو نکالنے کے لیے ریسکیو آپریشن جاری ہے۔
خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان (اے پی پی) نے ڈپٹی کمشنر خضدار کے حوالے سے بتایا ہے کہ ودھ سارونہ میں ڈوبنے والے تمام افراد مقامی تھے ۔
وزیرعظم نواز شریف نے واقعے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے مقامی اور صوبائی انتظامیہ کو ریلیف آپریشن تیز کرنے اور زیادہ سے زیادہ جانیں بچانے کے احکامات جاری کیے۔
دوسری جانب وزیراعلیٰ بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے بھی واقعے کا نوٹس لے لیا ہے۔