بیلاروس کے ساتھ قریبی تعلقات چاہتے ہیں، وزیراعظم
اسلام آباد: وزیراعظم نواز شریف کا کہنا ہے کہ پاکستان بیلاروس کے ساتھ مختلف شعبوں میں قریبی تعلقات کا خواہاں ہے۔
ریڈیو پاکستان کی ایک رپورٹ کے مطابق جمعے کو وزیراعظم ہاؤس اسلام آباد میں وزیراعظم محمد نواز شریف اور بیلاروس کے صدر الیگزینڈر لوکاشینکو کے درمیان ملاقات ہوئی۔
ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے دوطرفہ تعلقات کے فروغ اور مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کے طریقوں پر تبادلہ خیال کیا۔
وزیراعظم نواز شریف نے بیلاروس کے صدر کی والدہ کے انتقال پر ان سے تعزیت کی، جس کے باعث الیگزینڈر لوکاشینکو کا دورہ 2 روز کے لیے ملتوی کیا گیا تھا۔
اس موقع پر وزیراعظم نواز شریف نے کہا کہ پاکستان، بیلاروس کے ساتھ تجارت، معیشت، دفاع اور ثقافت سمیت مختلف شعبوں میں قریبی تعلقات کا خواہاں ہے۔
انہوں نے اس یقین کا اظہار کیا کہ یہ دورہ دونوں ملکوں کے درمیان سیاسی اور اقتصادی تعلقات بڑھانے میں مددگار ثابت ہو گا۔
وزیراعظم نواز شریف نے دوطرفہ دورے مزید بڑھانے کی ضرورت پربھی زور دیا۔
انہوں نے ارکان پارلیمنٹ کے درمیان رابطوں کی حوصلہ افزائی کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ارکان پارلیمنٹ کے درمیان باقاعدہ رابطوں سے دونوں ملکوں کے عوام کے درمیان دوستانہ ماحول پیدا کرنے میں مدد ملے گی۔
وزیراعظم نواز شریف نے کہا کہ دونوں ملکوں کے درمیان موجودہ دوطرفہ تجارتی حجم 6 کروڑ ڈالر ہے جس میں اضافے کی گنجائش ہے۔
انہوں نے کہا کہ دونوں ملکوں کو متعلقہ ایوان صنعت وتجارت کے درمیان قریبی تعلقات قائم کرنے کی ضرورت ہے کیونکہ اس سے دوطرفہ تجارت اور سرمایہ کاری میں اضافہ ہوگا۔
نواز شریف نے واضح کیا کہ ٹیکسٹائل، زراعت اور ٹرانسپورٹ کے شعبوں میں دوطرفہ تعلقات بڑھانے کے وسیع مواقع موجود ہیں۔
مذاکرات کے بعد فریقین کی جانب سے مفاہمت کی مختلف یادداشتوں اور سمجھوتوں پر بھی دستخط کیے گئے۔
قبل ازیں بیلاروس کے صدر الیگزینڈر لوکاشینکوکے اعزاز میں وزیراعظم ہاؤس اسلام آباد میں باضابطہ استقبالیہ تقریب ہوئی۔
اس موقع پر دونوں ملکوں کے قومی ترانے بجائے گئے اور مسلح افواج کے ایک چاق وچوبند دستے نے انھیں گارڈ آف آنر پیش کیا۔
اس سے قبل جمعرات کو جب صدر الیگزینڈر لوکاشینکو پاکستان پہنچے تو وزیراعظم نواز شریف نے ان کا نور خان ایئربیس پر استقبال کیا۔
بیلاروس کے صدر الیگزینڈر لوکاشینکو صدر مملکت ممنون حسین کی دعوت پر پاکستان کے سرکاری دورے پر آئے ہیں۔
یہ کسی بھی بیلاروس کے صدر کا پہلا دورہ پاکستان ہے۔
یہ بھی پڑھیں:بیلاروس کے صدر پاکستان پہنچ گئے
جمعرات کو صدر ممنون حیسن نے اپنے بیلا روسی ہم منصب کے اعزاز میں ضیافت کا اہتمام کیا۔
گزشتہ روز صدر الیگزینڈر لوکاشینکو کے ہمراہ آنے والے چیئرمین اسٹیٹ ملٹری انڈسٹریل کمیٹی سرگئی گرولیو نے چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل راشد محمود سے ملاقات کی۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ انٹر سروسز پبلک ریلیشنز (آئی ایس پی آر) کے مطابق ملاقات میں پیشہ ورانہ امور اور دونوں ممالک کی افواج کے مابین باہمی تعاون پر بھی بات چیت کی گئی، جبکہ دونوں ممالک کے مابین دفاعی شعبے میں تعاون بڑھانے پر بھی اتفاق کیا گیا۔