پاکستان میں مفت انٹرنیٹ سروس شروع
فیس بک کے بانی مارک زکر برگ نے مشہور زمانہ Internet.org کو پاکستان میں بھی متعارف کرا دیا۔
جمعرات کو مارک زکربرگ نے اپنے فیس بک پیج پر بتایا کہ اب پاکستان میں انٹرنیٹ کی سہولت سے محروم افراد کچھ مخصوص معلوماتی ویب سائیٹس تک مفت رسائی حاصل کر سکیں گے۔
انہوں نے کہا کہ ٹیلی نور موبائل فون سروس کے صارفین ان ویب سائٹس تک مفت رسائی پائیں گے۔
زکربرگ کا کہنا تھا کہ Internet.org سے پہلے اٹھارہ کروڑ سے زائد پاکستانی شہریوں میں سے صرف 15 فیصد افراد کو ہی انٹرنیٹ تک رسائی حاصل تھی مگر اب لوگ صحت، تعلیم، روزگار ، مقامی خبریں اور کمیونیکشن سمیت دیگر اہم خدمات مفت حاصل کر سکیں گے۔
فیس بک کے بانی نے کہا کہ اب تک دنیا بھر کے ایک ارب سے زائد افراد Internet.org سے فائدہ اٹھا رہے ہیں اور گیارہ ممالک میں اس سروس کو متعارف کرایا جاچکا ہے۔
پاکستان میں ٹیلی نور کے صارفین فیس بک کی اس سروس کی بدولت 17 ویب سائٹس پر مفت براﺅز کرسکیں گے۔ ان میں فیس بک، ٹیلی نور موبائل پورٹل، بی بی سی نیوز، بنگ، ای ایس پی این کرک انفو، فیکٹ فار لائف، گرل ایفکیٹ، بے بی سینٹر اینڈ ماما، ایکو ویدر، علم کی دنیا، ملیریا نو مور، مستقبل، او ایل ایکس، ٹیلی نور نیوز، اردو پوائنٹ کوکنگ، وکی پیڈیا اور بی بی سی اردو شامل ہیں۔