پاک چین منصوبہ: 'روٹ کی تبدیلی کسی صورت قبول نہیں'
اگر روٹ تبدیل کیا گیا تو حالات کی ذمہ دار وفاقی حکومت ہوگی، 16 مئی کو اے پی سی بلارہے ہیں، رہنما اے این پی میاں افتخار۔
کوئٹہ: عوامی نیشنل پارٹی (اے این پی) نے پاک چین اقتصادی راہداری منصوبے میں روٹ کی تبدیلی پر کل جماعتی اجلاس (اے پی سی) طلب کرلی۔
ڈان نیوز کے مطابق اے این پی رہنما میاں افتخارحسین نے کہا کہ روٹ کو تبدیل کیاگیا توحالات کی ذمہ دار وفاقی حکومت ہوگی۔
ان کے مطابق سندھ، بلوچستان اور خیبرپختونخوا کے عوام کی محرومیاں آسمان کو چھورہی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ گوادر کاشغر روٹ کی تبدیلی چھوٹے صوبوں کے خلاف ہے اور اسے کسی صورت قبول نہیں کریں گے۔
اس موقع پر ان کا کہنا تھا کہ بلوچوں کو گوادر کی ملکیت کا حق دیا جائے اور گوادر کے لوگوں کو نظر انداز نہ کیا جائے۔
میاں افتخار نے کہا کہ اےپی سی میں تمام پارٹیوں کے قائدین شرکت کریں گے اور یہ 16 مئی کو منعقد ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ ان کی جماعت آل پارٹی کانفرنس کیلیے سیاسی جماعتوں سے رابطے کیے ہیں۔