پاکستان

امریکی قونصلیٹ کا گارڈ اپنی ہی گولی سے ہلاک

انجم شاہ لاہور قونصلیٹ کے باہرڈیوٹی دے رہا تھا کہ اتفاقیہ طور پر اسے اپنی ہی بندوق کی گولی لگ گئی، ڈی آئی جی آپریشنز

لاہور: صوبہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور کے علاقے ایمپریس روڈ پر واقع امریکی قونصلیٹ میں تعینات ایک سیکیورٹی گارڈ پراسرار طور پر اپنی ہی گولی لگنے سے ہلاک ہوگیا۔

ڈپٹی انسپکٹر جنرل (ڈی آئی جی) آپریشنز ڈاکٹر حیدر اشرف کے مطابق واقعے کے وقت مذکورہ سیکیورٹی گارڈ قونصلیٹ کے باہر اپنے کیبن میں ڈیوٹی دے رہا تھا کہ اتفاقیہ طور پر اسے اپنی ہی بندوق کی گولی لگ گئی۔

ڈاکٹر حیدر اشرف کے مطابق گارڈ کو ہسپتال منتقل کیا جا رہا تھا کہ وہ راستے میں ہی دم توڑ گیا۔

سیکیورٹی گارڈ کی شناخت انجم شاہ کے نام سے ہوئی ہے، جس کا تعلق خوشاب سے ہے۔

ڈی آئی جی کے مطابق اس امکان کو رد نہیں کیا جا سکتا کہ مذکورہ گارڈ نے اپنے آپ کو نامعلوم وجوہات کی بناء پرخود گولی ماری ہو۔

تاہم ڈاکٹر حیدر اشرف کا کہنا تھا کہ واقعے کی تحقیقات کے لیے تفتیش کی جارہی ہے۔