پاکستان

خیر پور: تیز رفتار بس اور ٹرک میں تصادم، 13 مسافر ہلاک

اسلام آباد سے کراچی آنے والی بس پرتباہ حال سڑک کے باعث ڈرائیور قابو نہ رکھ سکا اور مخالف سمت سے آنے والے ٹرک سے ٹکرہوئی

خیر پور: سندھ کے شہر خیرپور کے قریب مسافر بس اور ٹرک میں تصادم سے 13 مسافر ہلاک اور 23زخمی ہوگئے ۔

ڈان نیوز کے مطابق خیر پور میں سیٹھارجہ کے قریب حادثہ اُس وقت پیش آیا، جب اسلام آباد سے کراچی آنے والی مسافر بس تیز رفتاری کے باعث مخالف سمت سے آنے والے ٹرک سے جا ٹکرائی۔

ذرائع کے مطابق سڑک کی خراب حالت کے باعث تیز رفتار بس ڈرائیور سے بے قابو ہوئی۔

حادثے کے بعد مقامی افراد اور ریسکیو اہلکاروں نے زخمیوں کو اسپتال منتقل کیا۔

خیر پور کے سول اسپتال میں حادثے کے بعد ایمرجنسی نافذ کردی گئی

ڈاکٹروں کے مطابق حادثے میں جاں بحق مسافروں کی تعداد 13ہے جبکہ 15 زخمی ہیں۔

زخمیوں میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔

ڈپٹی کمشنر خیر پور نے بھی 13 افرادکی ہلاکت کی تصدیق کر دی ہے

واضح رہے کہ 11 نومبر 2014 کو بھی خیر پور کے قریب سوات سے کراچی آنے والے تیز رفتار بس مخالف سمت سے آنے والے ٹرک سے ٹکرا گئی تھی جس سے 58افراد ہلاک ہوئے تھے۔

بس الٹنے سے 45 افراد زخمی

دوسری جانب پنجاب کے علاقے حافظ آباد میں پنڈی بھٹیاں کے قریب فیکٹری کی بس الٹنے سے 35ملازم زخمی ہوگئے۔

زخمیوں میں خواتین بھی شامل ہیں، حادثے کے فوری بعد علاقے میں امدادی کارروائیاں شروع کر دی گئیں۔

ڈان نیوز کے مطابق نجی مل کی بس کو حادثہ اُس وقت پیش آیا جب بس تیز رفتاری کے باعث ڈرائیور سے بے قابو ہوکر الٹ گئی۔

ریسکیو اہلکاروں نے زخمیوں کو تحصیل ہیڈ کوارٹر اسپتال پنڈی بھٹیاں اور ڈی ایچ کیو حافظ آباد منتقل کیا۔