پاکستان

تحریک انصاف کا مزاج سمجھ سے بالاتر: حمزہ شہباز

حمزہ شہباز نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی پارلیمنٹ کونوگو ایریا بھی کہتی ہے اورسینٹ الیکشن بھی لڑنے جا رہی ہے۔

لاہور: حکمران جماعت مسلم لیگ (ن) کے رہنما اور وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کے صاحبزادے حمزہ شہباز نے کہا ہے کہ ایک جانب تحریک انصاف پارلیمنٹ کو 'نوگو ایریا' کہتی ہے اور دوسری جانب عمران خان سینٹ کا الیکشن لڑنے جارہے ہیں۔

لاہور میں چلڈرن ہسپتال کے دورہ کے موقع پر رکن قومی اسمبلی حمزہ شہباز کا کہنا تھا کہ انہیں تحریک انصاف کے مزاج کی سمجھ نہیں آتی۔

پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان پر تنقید کرتے ہوئے حمزہ شہباز نے کہا کہ وہ آئے روز اپنا بیان بدلتے رہتے ہیں۔ خان صاحب اسمبلیوں پراعتماد بھی نہیں کرتے اور سینٹ الیکشن کے لیے تیاریاں بھی کررہے ہیں۔

یاد رہے کہ عمران خان متعدد بار یہ کہہ چکے ہیں کہ وہ اس وقت تک پارلیمنٹ میں نہیں آئیں گے جب تک حکومت 2013 کے انتخابات میں مبینہ دھاندلی کی تحقیقات کے لیے جوڈیشل کمیشن کے قیام کے لیے راضی نہ ہو جائے۔

دوسری جانب تحریک انصاف کے 34 اراکین قومی اسمبلی پہلے ہی اسپیکر ایاز صادق کو اپنے استعفیٰ جمع کراچکے ہیں ۔

مزید پڑھیں: تحریک انصاف کے 'رہنما' سینیٹ ٹکٹ کیلئے کوشاں

تاہم پی ٹی آئی کے چند اراکین سینیٹ الیکشن میں حصہ لینے کے حق میں نظر آئے جس کے بعد عمران خان نے اعلان کیا کہ ان کی جماعت خیبر پختونخوا سے سینیٹ کا الیکشن لڑے گی۔

حمزہ شہباز نے چلڈرن ہسپتال، لاہور کو مزید سہولیات فراہم کرنے کے اعلان کرتے ہوئے ملک میں صحت کی سہولیات کی فراہمی کو دہشت گردی کے بعد دوسرا بڑا چیلنج قرار دیا۔