پاکستان، دنیا کا تیسرا سستا ترین ملک
پاکستان کا شمار دنیا کے تیسرے سستے ترین ملک میں کیا گیا ہے، جبکہ ہندوستان اور نیپال بالترتیب پہلے اور دوسرے نمبر پر ہیں۔
نمبیو (Numbeo) ڈاٹ کام پر شائع ہونے والی ایک رپورٹ میں 2015 میں مختلف ممالک کی درجہ بندی وہاں معیارِ زندگی کے سستے یا مہنگے ہونے کے لحاظ سے کی گئی۔
اس فہرست میں سستے ترین ممالک کی لسٹ میں سرفہرست ہندوستان رہا، نیپال کا شمار دوسرے سستے ترین ملک میں ہوا جبکہ پاکستان نے دنیا کے تیسرے سستے ترین ملک کا اعزاز حاصل کیا۔
رپورٹ کے مطابق سوئٹزر لینڈ، ناروے اور وینزویلا کو دنیا کے مہنگے ترین ممالک میں شمار کیا گیا ہے۔
ویب سائٹ پر دی گئی تفصیلی رپورٹ میں 119 ممالک کے معیارِ زندگی کے ساتھ ساتھ ہر ایک ملک کے شہروں کے اعدادو شمار بھی دیئے گئے ہیں۔
یہ اعدادو شمار کنزیومر پرائس انڈیکس (سی پی آئی) کے حوالے سے مرتب کیے گئے۔
اگر پاکستان کی بات کی جائے تو راولپنڈی کو ملک کا سب سے سستا شہر قرار دیا گیا ہے، جہاں سی پی آئی 28.55 ہے، اس کے بعد کراچی (31.58)، لاہور( 33.22) ، اسلام آباد (34.68) اور سیالکوٹ (38.66) کو درجہ بند کیا گیا ہے۔
نمبیو دنیا بھر کے ممالک اور شہروں کے حوالے سے اعدادو شمار اکٹھی کرنے والی دنیا کی سب سے بڑی ویب سائٹ ہے، جہاں دنیا میں معیارِ زندگی، رہائش، صحت، جرائم اور دیگر حوالے سے ڈیٹا فراہم کیا جاتا ہے۔